کراچی میں مسلح افراد 26 لاکھ روپے مالیت کے 13 مویشی چھین کر لے گئے
(فوٹو: فائل)
شہر قائد کے علاقے بھینس کالونی میں مسلح افراد باڑے سے لاکھوں مالیت کے 13 جانور چھین کر لے گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کیٹل فارم کے مالک شبیر احمد نے سکھن پولیس کو اپنے ساتھ پیش آئی واردات کے حوالے سے تحریری درخواست جمع کروادی ہے۔
درخواست گزار کے مطابق بھینس کالونی روڈ نمبر 10 نزد شہریار ٹاون میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب 6 نامعلوم مسلح افراد باڑے میں داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر ان کے بھتیجے جاوید اور ملازمین ولی محمد سمیت دیگر موجود افراد کو یرغمال بنا کر کمرے میں بند کردیا۔
تاجر کے مطابق ملزمان باڑے میں دو گھنٹے سے زائد وقت تک رہے اور جاتے ہوئے 13 بچھڑے کھول کر اپنے ساتھ لائی گئی گاڑی میں لاد کر فرارہوگئے۔
چوری ہونے والے بچھڑوں کی مالیت 26 لاکھ روپے سے زائد ہے۔