حیدرآباد، کرسمس کی تقریبات، گرجاگھروں میں خصوصی عبادات اور سخت سیکیورٹی انتظامات
حیدرآباد میں مسیحی برادری کا مذہبی تہوار کرسمس انتہائی جوش و خروش اور عقیدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
شہر بھر کے گرجاگھروں میں کرسمس کی مناسبت سے خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا، جن میں مسیحی مرد، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
گرجاگھروں میں مسیحی مذہبی رہنماؤں نے خصوصی عبادات کرائیں، جن کے دوران حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات، محبت، امن اور بھائی چارے کے پیغام کو اجاگر کیا گیا۔
عبادات کے موقع پر مذہبی گیت بھی پیش کیے گئے، جس سے روحانی فضا قائم رہی۔
کرسمس کے موقع پر شہر بھر کے گرجاگھروں، مسیحی آبادیوں اور گھروں میں خوبصورت چراغاں کیا گیا، جبکہ شہریوں نے ایک دوسرے کو کرسمس کی مبارکباد دی۔
امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے پولیس کی جانب سے گرجاگھروں اور مسیحی آبادیوں میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق کرسمس کے موقع پر مجموعی طور پر 906 پولیس افسران اور اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں تاکہ تقریبات پُرامن انداز میں منعقد ہو سکیں۔