پی ٹی آئی کی کاغذات نامزدگی کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کو درخواست

پی ٹی آئی کے سیکریٹری بلدیات کمیٹی انجم شہزاد تنولی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنرکو درخواست کی گئی ہے

فوٹو: فائل

اسلام آباد:

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اسلام آباد نے چیف الیکشن کمشنر کو وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کی تاریخ میں تین روزہ توسیع کی باضابطہ درخواست کردی ہے۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری بلدیات کمیٹی انجم شہزاد تنولی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو درخواست دی گئی ہے اور بلدیاتی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 27 دسمبر مقرر کرنے کی استدعا کی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ 26 دسمبر کو مقامی تعطیل کے باعث انتخابی عمل متاثر ہونے کا خدشہ ہے لہٰذا الیکشن کمیشن سے شفافیت اور منصفانہ عمل کے لیے ڈیڈ لائن بڑھانے کی اپیل ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 125 یونین کونسلز شامل ہیں، ہر یونین کونسل میں 9 کونسلرز کے کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے لیکن سرکاری تعطیل سے امیدواروں اور متعلقہ دفاتر کو انتظامی مشکلات کا سامنا ہوگا۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ آخری دن غیر ضروری رش اور مسائل پیدا ہونے کا خدشہ، تین دن کی توسیع سے انتخابی عمل میں شفافیت اور مؤثر شرکت ممکن ہوگی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست کی کاپی چیف الیکشن کمشنر اسلام آباد کو بھی ارسال کردی گئی ہے۔

Load Next Story