لائیو پروگرام میں اچانک کیا ہوا تھا؟ احسن اقبال نے واقعے کی حقیقت بتادی

واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی صارفین نے پراسرار صورت حال پر سوالات اٹھانا شروع کردیے تھے

(فوٹو: فائل)

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے نجی ٹی وی کے لائیو پروگرام کے دوران پیش آنے والی اچانک مداخلت پر وضاحت جاری کر دی۔

واضح رہے کہ احسن اقبال گزشتہ روز ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے کہ اسی دوران کسی کی مداخلت کے باعث ان کا موبائل فون بند ہو گیا، جس سے نشریات میں مختصر رکاوٹ پیدا ہوئی۔

یہ واقعہ جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو صارفین نے مختلف سوالات اٹھاتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا۔ کئی صارفین نے جاننا چاہا کہ لائیو پروگرام کے دوران وفاقی وزیر کے ساتھ آخر کیا پیش آیا اور اچانک رابطہ منقطع ہونے کی وجہ کیا تھی۔

صارفین کی جانب سے سوال کیا جاتا رہا کہ پس منظر سے (بظاہر غصے میں) آنے والی  آواز کس کی تھی؟۔ معاملہ پراسرار  محسوس ہوا، جس پر یہ پورا قصہ سوشل میڈیا پر زیر بحث آ یا اور وائرل ہوگیا۔

بعد ازاں ایک صحافی کے ٹوئٹ کے جواب میں احسن اقبال نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایک شخص کی بحث کے باعث مختصر رکاوٹ پیدا ہوئی، جب کہ وہ شخص اس وقت اس بات سے لاعلم تھا کہ میں لائیو شو میں گفتگو کررہا ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ ہی دیر بعد پروگرام دوبارہ جوائن بھی کر لیا تھا۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ اس معاملے پر غیر ضروری سیاست نہیں کی جانی چاہیے۔

دوسری جانب وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بھی سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کی احسن اقبال سے بات ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ ایک بچہ غیر متوقع طور پر کمرے میں داخل ہو گیا تھا، تاہم بعد ازاں سب کچھ ٹھیک ہو گیا۔

Load Next Story