پنجاب حکومت کی مہمان نوازی سب نے دیکھ لی جہاں سہیل آفریدی کی آمد پر رکاوٹیں لگادی گئیں، کے پی حکومت

پنجاب بھی ہمارا ہے اور لاہور بھی ہمارا ہے پنجاب کے عوام نے تحریک انصاف کو مینڈیٹ دیا تھا، شفیع جان، عظمی بخاری کو جواب

پشاور:

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی اطلاعات شفیع جان نے پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے بیان پر کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی مہمان نوازی پوری قوم نے دیکھ لی، جہاں سہیل آفریدی کے استقبال کی بجائے رکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود والہانہ استقبال پر پنجاب کے عوام اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کے شکر گزار ہیں۔ شفیع جان نے واضح کیا کہ اداروں پر چڑھائی کرنا اور غیر ذمہ دارانہ بیانات دینا مسلم لیگ (ن) کا پرانا وطیرہ رہا ہے، عظمیٰ بخاری شاید ن لیگ کی جانب سے سپریم کورٹ پر ہونے والی چڑھائی کو بھول چکی ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک پُرامن، جمہوریت پسند اور آئین کی پاسدار سیاسی جماعت ہے پنجاب بھی ہمارا ہے اور لاہور بھی ہمارا ہے پنجاب کے عوام نے تحریک انصاف کو مینڈیٹ دیا تھا، جسے چوری کیا گیا اور اب پنجاب میں چوری شدہ مینڈیٹ واپس لے کر رہیں گے۔

شفیع جان کا کہنا تھا کہ عوام کو ان کا جمہوری حق واپس دلانا اور قانون و آئین کی بالادستی کو یقینی بنانا اب پاکستان تحریک انصاف کے مشن بن چکا ہے، مریم صفدر کی جعلی حکومت نے پنجاب کے کسانوں کا برا حال کر دیا ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں پنجاب میں کرپشن کو منظم انداز میں فروغ ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بتیاں لگانے اور رنگ و روغن کو ترقی کا نام نہیں دیا جا سکتا۔ پنجاب میں شعبہ صحت کی حالت انتہائی خراب ہو چکی ہے اور عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان جعلی اور سیاسی مقدمات میں قید ہیں، اس کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کی لیڈر شپ اور کار کنان پر امن ہیں اور رہیں گے، بانی چیئرمین عمران خان نے ہمیشہ کارکنوں کو قانون کے احترام اور پرامن جدوجہد کا درس دیا ہے جس کی پاسداری ہر صورت کریں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ملک کے کسی بھی حصے میں جانا اور کارکنوں سے ملاقات کرنا ہمارا جمہوری اور آئینی حق ہے، جسے کوئی طاقت سلب نہیں کر سکتی۔

شفیع جان نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی قیادت میں خیبر پختونخوا میں گڈ گورننس کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے، جو موجودہ صوبائی حکومت کی شفاف اور عوام دوست پالیسیوں کا ثبوت ہے۔

پنجاب میں غیر اعلانیہ مارشل لگ گیا،لاہور انٹرچینج پہنچنے پر میڈیا ٹاک

خیبرپختونخوا حکومت کے معاون خصوصی اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے اٹک تا لاہور قیام و طعام کے تمام مقامات سیل کردیے، قافلے کی راہ میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں سہیل آفریدی کے قافلے کی آمد پر پنجاب میں غیر اعلانیہ مارشل لا لگادیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ کی قیادت میں قافلہ لاہور انٹرچینج پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو میں شفیع جان نے کہا کہ پنجاب غیرت مندوں کی سرزمین ہے، عوام نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا بھرپور استقبال کیا، ہمیں توقع تھی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کو خوش آمدید کہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پنجاب حکومت نے اٹک سے لاہور تک قیام و طعام کے تمام مقامات سیل کر رکھے تھے، وزیر اعلیٰ کے قافلے میں دانستہ رکاوٹیں ڈالی گئیں، پنجاب حکومت نے صوبے میں غیر اعلانیہ مارشل لا نافذ کر رکھا ہے، بانی چیئرمین عمران خان کی تصویر اور پارٹی جھنڈا اٹھانے کی اجازت نہیں دی جا رہی، ہمیں سیاسی اسپیس دیا جائے، پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف کا سیاسی اسپیس ختم کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی آج رات لبرٹی چوک جائیں گے، وزیراعلی اسٹریٹ موومنٹ کی قیادت کریں گے اور خطاب کریں گے، وزیر اعلیٰ لاہور میں قیام کے دوران صحافیوں، وکلاء، پارٹی رہنماؤں اور اسیران سے ملاقاتیں کریں گے۔

متعلقہ

Load Next Story