ڈکی بھائی دس لاکھ روپے کا چیک گفٹ ملنے پر تنقید کی زد میں آگئے

ڈکی بھائی کو اپنی سالگرہ پر مداح کی جانب سے 10 لاکھ روپے مالیت کا چیک بطور تحفہ ملا

پاکستان کے مقبول یوٹیوبر اور ڈیلی وی لاگر ڈکی بھائی کو ان کی سالگرہ پر گفٹ ملنے والے دس لاکھ روپے کے چیک نے ایک بار پھر انھیں سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنا دیا ہے۔

9 ملین سے زائد سبسکرائبرز رکھنے والے ڈکی بھائی حال ہی میں ایک مشکل دور سے گزرنے کے بعد دوبارہ وی لاگنگ میں متحرک ہوئے ہیں، جس پر ان کے مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا تھا۔ تاہم اب ان کی سالگرہ کے موقع پر سامنے آنے والا ایک واقعہ نئی بحث کا باعث بن گیا ہے۔

ڈکی بھائی نے اپنی سالگرہ کے تحائف کھولنے پر مشتمل ایک وی لاگ اپ لوڈ کیا، جس میں انہوں نے مداحوں کی جانب سے بھیجے گئے متعدد تحائف دکھائے۔ ویڈیو بناتے ہوئے وہ اس وقت حیران رہ گئے جب ایک مداح کی جانب سے انہیں 10 لاکھ روپے مالیت کا چیک بطور تحفہ ملا، جس پر مداح کے دستخط بھی موجود تھے۔

وی لاگ میں ڈکی بھائی نے اس چیک کو قبول کرتے ہوئے مداح کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی اعلان کیا کہ وہ یہ رقم خود استعمال کرنے کے بجائے خیرات میں دے دیں گے، جس پر الگ سے ویڈیو بھی بنائی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں جعلی چیک جاری کرنے کے خلاف سخت قوانین موجود ہیں، اس لیے اس بات کے امکانات کم ہیں کہ یہ چیک جعلی ہو۔

تاہم اس ویڈیو کے منظرِ عام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر ردِعمل کا طوفان آگیا۔ کئی صارفین نے ڈکی بھائی پر سخت تنقید کرتے ہوئے اسے ’’ڈرامہ‘‘ قرار دیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ وہ دوبارہ وہی پرانا کھیل کھیل رہے ہیں اور اگر پھر کسی مشکل میں پھنسے تو ہمدردی سمیٹیں گے۔ ایک اور تبصرے میں کہا گیا کہ یہ سب ایک کمزور اسکرپٹ لگتا ہے۔

کچھ صارفین نے سوال اٹھایا کہ ایسے افراد کو سوشل میڈیا پر اتنی توجہ کیوں دی جاتی ہے، جبکہ بعض نے یہ بھی کہا کہ یوٹیوبرز عوام کو بے وقوف سمجھتے ہیں۔ دوسری جانب ڈکی بھائی کے حق میں بھی آوازیں اٹھیں، ایک مداح نے تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب حسد کے سوا کچھ نہیں۔

واضح رہے کہ ڈکی بھائی حال ہی میں طویل قانونی مشکلات کے بعد دوبارہ وی لاگنگ کی دنیا میں واپس آئے ہیں اور ان کی ویڈیوز ایک بار پھر لاکھوں ویوز حاصل کر رہی ہیں، تاہم یہ تازہ واقعہ ایک مرتبہ پھر انہیں سوشل میڈیا کی کڑی تنقید کے سامنے لے آیا ہے۔

Load Next Story