35ویں نیشنل گیمز میں شاندار کارکردگی دکھانے والے خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب
فوٹو ڈائریکٹر جنرل آف پاکستان خیبرپختونخوا
35ویں نیشنل گیمز کراچی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں پشاور اسپورٹس کمپلیکس میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان تاج محمد خان ترند تھے۔
مہمانِ خصوصی نے گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے 6 لاکھ روپے، سلور میڈلسٹ کے لیے 4 لاکھ روپے جبکہ براونز میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے 2 لاکھ روپے نقد انعامات کا اعلان کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی تاج محمد خان ترند نے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان ہیروز نے محدود وسائل کے باوجود بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے صوبے کا نام روشن کیا ہے، جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور وہ دیگر صوبوں کے کھلاڑیوں کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایات کے مطابق صوبے کے تمام اضلاع میں کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جنوری میں چترال میں آئس ہاکی کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے جبکہ اسی ماہ انڈر 21 گیمز کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ 2026 میں بین المدارس اور اقلیتی برادری کے لیے خصوصی گیمز کے ساتھ ساتھ نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے جونیئر گیمز بھی منعقد کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی ثقافت اور علاقائی شناخت کو اجاگر کرنے کے لیے روایتی اور علاقائی کھیلوں کے مقابلے بھی کرائے جائیں گے۔
تاج محمد خان ترند نے مزید کہا کہ قائد اعظم گیمز کے میڈلسٹ کھلاڑیوں کو بھی وظائف دیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پشاور سپورٹس کمپلیکس میں سوئمنگ پول کو سردی اور گرمی دونوں موسموں کے لیے موزوں بنایا جا رہا ہے جبکہ ایتھلیٹکس ٹریک پر کام تیزی سے جاری ہے جو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔