ایشیز: کئی ملین ڈالرز کے مالی نقصان نے کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او کی نیندیں اڑا دیں
رواں ایشیز سیریز میں کروڑوں ڈالرز کے مالی نقصان نے کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او کی نیندیں اڑا دیں۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے کہا ہے کہ مختصر دورانیے کے ٹیسٹ میچز تجارتی طور پر نقصان دہ ثابت ہو رہے ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پہلے دن ریکارڈ تماشائیوں کی موجودگی کے باوجود 20 وکٹیں گرجانے کے باعث وہ پوری رات سو نہیں سکے۔
کرکٹ آسٹریلیا کو امید تھی کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں شائقین کی تعداد کے نئے ریکارڈز قائم ہوں گے، کیونکہ ابتدائی تین دنوں کے ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہو چکے تھے اور پوری سیریز میں غیر معمولی دلچسپی دیکھی جا رہی تھی۔
تاہم پرتھ میں ہونے والے دو روزہ ٹیسٹ میں کرکٹ آسٹریلیا کو تیسرے اور چوتھے دن کے ٹکٹ کی مد میں تقریباً 3 ملین آسٹریلوی ڈالر (پاکستانی 54 کروڑ روپے سے زائد) کا نقصان ہوا تھا۔
اب باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے بھی دو روز کے اندر ختم ہونے پر پہلے سے بی زیادہ مالی خسارے کا خدشہ ہے، حالانکہ پہلے دن 94 ہزار سے زائد شائقین اسٹیڈیم میں موجود تھے۔
ٹوڈ گرین برگ نے کہا کہ اگرچہ شائقین کے لیے ایسا دن دلچسپ ہوتا ہے، مگر وہ چاہتے ہیں کہ ٹیسٹ کرکٹ زیادہ دنوں تک جاری رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بیٹنگ اور بولنگ کے درمیان بہتر توازن ضروری ہے، تاہم میلبرن میں پہلے دن پچ واضح طور پر بولرز کے حق میں نظر آئی۔
کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او نے یہ بھی عندیہ دیا کہ مستقبل میں پچ کی تیاری کے عمل پر انتظامیہ کو زیادہ توجہ دینا پڑ سکتی ہے، کیونکہ اس کا براہِ راست اثر کھیل اور کاروبار دونوں پر پڑتا ہے۔
گرین برگ کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا پہلے ہی مالی دباؤ کا شکار ہے، اس لیے مزید نقصان کسی صورت موزوں نہیں ہوگا۔
Cricket Australia CEO Todd Greenberg said that "short Tests are bad for business" and admitted to a sleepless night after 20 wickets fell at the MCG on Boxing Day https://t.co/bKqx40pbos