برازیل سے تعلق رکھنے والی پہلی مس یونیورس انتقال کرگئیں

مس یونیورس 1963 آئیدا ماریا آخری لمحات تک آئی سی یو میں زیرِ علاج رہیں

برازیل کی پہلی مس یونیورس آئیدا ماریا وارگاس انتقال کرگئیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق انہیں اسپتال آرکانجو سائو میگوئل میں داخل کیا گیا تھا، جبکہ ان کی موت کی وجوہات تاحال واضح نہیں ہوسکیں۔ 

آئیدا ماریا کے خاندان اور بیٹی فرننڈا وارگاس نے بھی اس خبر کی تصدیق کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مس یونیورس 1963 آخری لمحات تک آئی سی یو میں زیرِ علاج رہیں۔

آئیدا ماریا وارگاس 31 دسمبر 1944 کو پورٹو الیگرے میں پیدا ہوئیں۔ 1962 میں صرف 17 سال کی عمر میں انہوں نے ریو گرانڈے دو سول کے سوئمنگ پولز کے مقابلے میں حصہ لیا اور رانی کا تاج جیتا۔ اگلے سال وہ مس پورٹو الیگرے اور مس برازیل کا خطاب بھی حاصل کرچکی تھیں۔ 1963 میں میامی بیچ، امریکا میں منعقدہ مس یونیورس مقابلے میں انہوں نے برازیل کے لیے پہلی بار تاج حاصل کیا۔ اس موقع پر آئیدا نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ وہ جیتنے کے لیے تیار نہیں تھیں، لیکن سکون اور حوصلے نے انہیں کامیاب بنایا۔

مس یونیورس آرگنائزیشن نے انسٹاگرام پر آئیدا وارگاس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ’’برازیل کی پہلی مس یونیورس کے طور پر آئیدا ماریا وارگاس کی شخصیت اور پیشہ روانہ روح ہماری تاریخ میں لازوال اثر چھوڑ گئی ہے۔ ہم دعاگو ہیں کہ ان کی میراث آنے والی نسلوں کو متاثر کرتی رہے۔‘‘
 

Load Next Story