یکم جنوری سے اسلام آباد میں بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے داخلے پر پابندی کا فیصلہ
وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد سیف سٹی کو کیپٹل سمارٹ سٹی بنانے کا جامع پلان طلب کر لیا ۔ وزیر داخلہ نے یکم جنوری سے اسلام آباد میں بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے داخلے پر پابندی کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے سیف سٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں وزیر داخلہ نے ڈیجیٹل وال پر شہر کی مانیٹرنگ نظام کا جائزہ لیا اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے امن عامہ کے اقدامات کا مشاہدہ کیا۔ کنٹرول روم میں سپیشل چائنیز ڈیسک پر سیکورٹی سرویلنس کا معائنہ بھی کیا گیا۔
وزیر داخلہ کی زیر صدارت سیف سٹی ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ کیپٹل سمارٹ سٹی پر کام تیز کیا جائے اور شہری سہولیات جیسے ریسکیو 1122، ٹریفک، سیکورٹی اور سی ڈی ایم اے کو مرکزی نظام میں ضم کیا جائے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ کیپٹل سمارٹ سٹی کے سکوپ اور دائرہ کار کو پورے ملک تک بڑھایا جائے گا اور اسلام آباد کو محفوظ ترین شہر بنانے کے لیے اسے ماڈل کے طور پر اپنایا جائے گا۔ محسن نقوی نے کہا کہ سیف سٹی میں اصلاحات اور ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔
آئی جی اسلام آباد پولیس نے سیف سٹی سے کیپٹل سمارٹ سٹی منتقلی کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ محرم الحرام میں سیف سٹی کیمروں کی مدد سے وقت اور وسائل کی بچت ہوئی۔ اجلاس میں وفاقی سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
ایم ٹیگ سینٹرز پر شہریوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر اضافی عملہ تعینات کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ ایک روز کے دوران 1 ہزار 379 گاڑیوں کی جانب سے ایم ٹیگ لگوایا گیا۔ شہر میں ایم ٹیگ لگوانے والی گاڑیوں کی مجموعی تعداد 98 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ دو روز بعد شہر کے داخلی راستوں پر ایم ٹیگ ریڈرز ایکٹو کر دئیے جائیں گے۔ شہر میں داخل ہونے کے لئے گاڑی پر ایم ٹیگ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
عرفان میمن کا کہنا تھا کہ شہری کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے فی الفور اپنی گاڑی کو ایم ٹیگ لگوائیں۔