آسٹریلوی کھلاڑی ٹم ڈیوڈ کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک
آسٹریلیا کے اہم کھلاڑی ٹم ڈیوڈ کی آئندہ سال فروری میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ میں شرکت مشکوک ہوگئی۔
بگ بیش میں ٹم ڈیوڈ کی ہیمسٹرنگ انجری نے آسٹریلیا کو بھی پریشان کر دیا، ان کی عدم موجودگی آنے والے ٹی 20 ورلڈکپ میں مہم کو متاثر کر سکتی ہے۔
ٹم ڈیوڈ پرتھ اسکورچرز سے میچ میں ہوبارٹ ہوریکینز کی نمائندگی کے دوران تکلیف کا شکار ہوگئے تھے جس کی وجہ سے انھیں فیلڈ چھوڑنا پڑی، وہ دوسری مرتبہ اس انجری کی زد میں آئے۔
اس سے قبل رواں برس کے شروع میں آئی پی ایل کے دوران ڈیوڈ سائیڈ اسٹرین سے دوچار ہوئے تھے، وہ تازہ انجری کی وجہ سے ہوریکینز کے ٹائٹل دفاع کی مہم سے باہر ہوگئے ہیں ان کی فروری میں شیڈول ٹی 20 ورلڈکپ کیلیے دستیابی پر بھی غیریقینی کے بادل چھانے لگے۔
ٹم ڈیوڈ کا شمار مختصر فارمیٹ کے سب سے خطرناک آسٹریلوی کرکٹرز میں ہوتا ہے۔
ڈاکٹرز کی ہدایت پر ہفتے کے روز ان کا اسکین ہوا، جس کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی تازہ ترین انجری کی نوعیت اور نجات کے وقت کا علم ہوسکے گا۔