فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا: وفاقی وزیر احسن اقبال
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے نارووال میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور مسلح افواج کی بہادری کے باعث پاکستان کا جھنڈا دنیا میں بلند ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کا صدر بھی پاکستان کے وزیر اعظم اور سپہ سالار کی تعریف کر رہا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت مل کر ملک کے دفاع اور ترقی کے لیے کام کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ نارووال کے شہریوں نے حالیہ دنوں میں بدترین سیلاب کا سامنا کیا، تاہم یہ قدرتی آفت یہاں کے لوگوں کا حوصلہ توڑنے میں ناکام رہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ایک بہادر اور جفاکش قوم ہے اور حکومت نے سیلاب کے دوران متاثرہ افراد کی امداد کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے۔
احسن اقبال نے کہا کہ سیلاب کے بعد ہمارے کسانوں نے ایک بار پھر اپنی زمینوں کو ہرا بھرا کر دیا، جبکہ سیلاب کے دوران تین ہزار ایکڑ رقبے پر کنولا کا بیج مفت تقسیم کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں خوردنی تیل کی مقامی پیداوار سے قیمتی زرمبادلہ بچے گا جو معیشت کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے سابقہ دور میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، تاہم 2018 میں ایک سازش کے تحت ایک نااہل شخص کو ملک پر مسلط کیا گیا جس نے عوام کو جھوٹے خواب دکھائے اور اس کے اقدامات کے باعث ملک دیوالیہ ہونے کے دھانے پر پہنچ گیا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو ملکی معیشت کو سنبھالنے کے لیے مشکل فیصلے کرنا پڑے، جس کے نتیجے میں آج پاکستان اپنے پیروں پر کھڑا ہو چکا ہے۔
احسن اقبال نے بتایا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں واضح کمی آئی ہے، کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے، جبکہ عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ میں بھی بہتری آئی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کا ایجنڈا ملک اور فوج کے خلاف پروپیگنڈا کرنا ہے، حالانکہ فوج کے جوان ملک کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو جماعت پاکستانی اداروں کے خلاف بات کرے، اسے سیاست کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان نے برطانیہ سے برآمد ہونے والی رقم قومی خزانے میں جمع کرانے کے بجائے اپنے دوست کو دے دی اور آج وہ سزا کاٹ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صادق اور امین کہلانے والا خود چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا اور قوم ملکی اداروں کے خلاف بولنے والوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ ملک کا ہر ادارہ ترقی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان کو دنیا میں سرمایہ کاری کا مرکز بنایا جائے گا اور نوجوانوں کو تعلیم اور ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے لے جایا جائے گا۔