کراچی، جھگڑے میں فائرنگ کے دوران سینئر پیرا میڈیکل اسٹاف جان کی بازی ہار گیا

مقتول جھگڑے کے بعد صلح کروانے کے لیے گیا تھا

کراچی:

شہر قائد کے علاقے پیرآباد نصرت نگر میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے زخمی ہونے والا نوجوان دورانِ علاج دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 28 سالہ پیٹر یعقوب کے نام سے ہوئی ہے، جو عباسی شہید اسپتال میں زیرِ علاج تھا۔

اہلِ خانہ کے مطابق مقتول داؤ یونیورسٹی اسپتال میں سینئر پیرامیڈیکل اسٹاف کے طور پر خدمات انجام دے رہا تھا اور دو بچوں کا باپ تھا۔

اہلِ خانہ نے بتایا کہ واقعے کے روز پیٹر یعقوب جھگڑے کے بعد صلح کروانے کے لیے گیا تھا، تاہم اس دوران فائرنگ کا نشانہ بن گیا۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ آج مقتول کی بیٹی کی سالگرہ بھی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کو ایک گولی پیٹ میں لگی، جبکہ واقعے میں دو ملزمان نے فائرنگ کی اور واردات کے بعد فرار ہو گئے۔

پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

متعلقہ

Load Next Story