کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، ایک فرار
فوٹو: فائل
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 2 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کرلئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق گلبرگ پولیس نے اپواء گرلز کالج کے قریب، کریم آباد پر معمول کے گشت کے دوران مشکوک موٹر سائیکل سوار ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا۔
ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔ دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں ساتھی سمیت گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان ضلع سینٹرل پولیس کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت جواد ولد غیاث الدین جبکہ ساتھی کی محمد ذاکر ولد محمد حفیظ کے نام سے کی گئی کے۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 30 بور پستول، لوڈ میگزین اور موٹر سائیکل برآمد کر لی۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ضلع ملیر پولیس نے ریلوے اسٹیشن کے قریب تھانہ قائدآباد کے علاقے میں اسٹریٹ کرائم میں ملوث مسلح ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کی۔
کارروائی کے دوران پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔
گرفتار زخمی ملزم کی شناخت محمد رمضان عرف حسیب کے نام سے ہوئی ہے، جس کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ ، موبائل فون اور نقدی برآمد کی گئی۔
زخمی ملزم کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ترجمان ضلع ملیر پولیس کے مطابق ملزم کا کرمنل ریکارڈ مختلف تھانوں سے چیک کیا جا رہا ہے، جبکہ برآمد اسلحہ فرانزک کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔