نیوجرسی میں دو ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے، ایک شخص ہلاک
امریکی ریاست نیوجرسی میں دو ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ ایک اور شخص شدید زخمی ہوگیا۔ یہ حادثہ بیسن روڈ کے علاقے میں پیش آیا۔
ہیمونٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق تصادم کے بعد ایک ہیلی کاپٹر میں آگ لگ گئی، جس سے موقع پر ہی ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
پولیس نے ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں شدید زخمی ہونے والے شخص کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق دونوں ہیلی کاپٹروں میں پائلٹس کے علاوہ کوئی اور سوار موجود نہیں تھا۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کی ابتدائی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔
حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ دونوں ہیلی کاپٹروں کے درمیان تصادم کیسے پیش آیا۔