انڈونیشیا کے اولڈ نرسنگ ہوم میں ہولناک آتشزدگی، 16 افراد ہلاک
انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی میں بوڑھے افراد کے ایک نرسنگ ہوم میں آتش زدگی کے نتیجے میں کم از کم 16 افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ صوبہ شمالی سولاویسی کے دارالحکومت مناڈو میں پیش آیا۔
اے ایف پی کے مطابق شہر کی فائر اینڈ ریسکیو ایجنسی کے سربراہ جمی روٹینسولو نے بتایا کہ اتوار کی رات 8 بج کر 31 منٹ پر نرسنگ ہوم میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں۔
حکام کے مطابق آگ لگنے کے وقت کئی بوڑھے افراد اپنے کمروں میں آرام کر رہے تھے، جس کے باعث متعدد لاشیں کمروں کے اندر سے برآمد ہوئیں۔ حادثے میں 16 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ تین افراد جھلس کر زخمی ہو گئے، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
فائر بریگیڈ کے مطابق ریسکیو اہلکار 12 افراد کو بحفاظت عمارت سے نکالنے میں کامیاب رہے، جنہیں احتیاطی طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخمی نہیں تھے۔
مقامی ٹی وی چینل میٹرو ٹی وی کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آگ نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا تھا جبکہ مقامی افراد ایک بزرگ شخص کو عمارت سے باہر نکالنے میں مدد کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ سترہ ہزار سے زائد جزائر پر مشتمل انڈونیشیا میں آتش زدگی کے واقعات معمول بن چکے ہیں۔ رواں ماہ دارالحکومت جکارتہ میں سات منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے 22 افراد ہلاک ہو گئے تھے، جبکہ 2023 میں ملک کے مشرقی حصے میں ایک نکل پروسیسنگ پلانٹ میں دھماکے سے 12 افراد جان سے گئے تھے۔
حکام کی جانب سے نرسنگ ہوم میں آتش زدگی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔