سال 2025 کے انوکھے ٹیک تجربات جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے
دنیا بھر میں 2025 کے دوران ٹیکنالوجی کے میدان میں کئی ایسے عجیب و غریب واقعات سامنے آئے جنہوں نے ماہرین اور صارفین دونوں کو حیران کردیا۔
عالمی ٹیک ویب سائٹ TechRadar کے مطابق 2025 میں کچھ افراد نے محض شوق کی بنیاد پر ایسے انوکھے ٹیک تجربات کیے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے، یہ واقعات کبھی مزاحیہ اور کبھی حیران کن نوعیت کے تھے۔
1) کپڑے سے بنے اسپیکرز، جاپان کی انوکھی ایجاد
جاپان میں کپڑے سے تیار کیے گئے اسپیکرز متعارف کروائے گئے جو نہ صرف لباس کی طرح پہنے جا سکتے ہیں بلکہ آواز بھی پیدا کرتے ہیں۔ تاہم آڈیو معیار عام اسپیکرز جیسا ہی رہا لیکن اس کا آرٹ اور ٹیکنالوجی کے امتزاج میں بڑا اثر دیکھا گیا۔
2) ایل ای ڈی بلب پر مائن کرافٹ چلانے کا تجربہ
ایک ٹیک ماہر نے انتہائی کم صلاحیت والے ایل ای ڈی بلب پر مائن کرافٹ گیم چلانے میں کامیابی حاصل کی۔ اس تجربے نے دکھایا کہ جدید ٹیکنالوجی کے انتہائی محدود آلات پر بھی حیران کن کام ممکن ہیں۔
3) ای میلز ڈیلیٹ کرنے سے پانی بچانے کا دعویٰ
برطانیہ میں ایک تجویز سامنے آئی کہ ڈیجیٹل ڈیٹا اور غیر ضروری ای میلز کو ڈیلیٹ کرنے سے ڈیٹا سینٹرز کا بوجھ کم ہو سکتا ہے جس سے پانی کی بچت بھی ممکن ہے۔ یہ دعویٰ عجیب مگر دلچسپ نوعیت کا تھا۔
4) فائبر آپٹک کیبل سے تیار کیا گیا انٹرنیٹ لباس
ایک فیشن ڈیزائنر نے ہزاروں فٹ فائبر آپٹک کیبل استعمال کرتے ہوئے ایسا لباس تیار کیا جو انٹرنیٹ سے جڑا ہوا تھا۔ یہ تجربہ محض آرٹ کے لیے تھا اور ٹیکنالوجی اور فیشن کے امتزاج کو اجاگر کرتا ہے۔
5) پی ڈی ایف فائل کے اندر لینکس آپریٹنگ سسٹم
ایک طالب علم نے عام سی پی ڈی ایف فائل کے اندر مکمل لینکس آپریٹنگ سسٹم چلانے میں کامیابی حاصل کی۔ اس تجربے نے ٹیکنالوجی کے شوقین افراد کو حیران اور متاثر کیا۔
6) لیمبورگینی کے نام پر ڈومین تنازع
ایک شخص نے Lambo.com ڈومین کروڑوں ڈالر میں بیچنے کی کوشش کی لیکن کمپنی نے فوری قانونی کارروائی کر کے ڈومین کو قبضے میں لے لیا۔ یہ معاملہ ٹیکنالوجی کی قانونی پیچیدگیوں کی مثال بن گیا۔
7) میکڈونلڈز ویب سائٹ میں خامی کا انکشاف
میکڈونلڈز کی ویب سائٹ میں ایک تکنیکی خامی سامنے آئی جس کے ذریعے مفت فوڈ آرڈرز ممکن ہو گئے، تاہم کمپنی نے فوری طور پر خامی دور کی۔
8) الیکٹرک گاڑی کا چھت پر چلنے کا مظاہرہ
ایک تجربے میں الیکٹرک گاڑی کو چھت پر چڑھا کر چلایا گیا، جس نے ٹیکنالوجی کے ممکنات کے دائرہ کار پر سوالات اٹھائے اور سوشل میڈیا پر وائرل ہوا۔
9) اے آئی چیٹ بوٹس کی الگ زبان میں گفتگو
دو مصنوعی ذہانت کے چیٹ بوٹس نے انسانوں کی زبان چھوڑ کر آپس میں ایک الگ اور انوکھے انداز میں بات چیت شروع کردی جس سے محققین بھی حیران رہ گئے۔
10) لوگوں کو گھور کر ردعمل دینے والا روبوٹ
ایک چھوٹا روبوٹ تیار کیا گیا جو سامنے موجود افراد کے دیکھنے پر مختلف ردعمل دیتا ہے اور اسے حفاظتی اور تفریحی مقاصد کے لیے ڈیزائن کیا گیا۔
11) دیوار کے پار آواز سننے والی اے آئی
سائنسدانوں نے ایک ایسی مصنوعی ذہانت تیار کی جو موٹی دیوار کے پیچھے ہونے والی آوازوں کا اندازہ لگا سکتی ہے، یہ تجربہ جاسوسی اور سیکیورٹی ٹیکنالوجی کے لیے دلچسپ ثابت ہوا۔
12) انسانی دماغی خلیات کرائے پر دینے کا تصور
تحقیقی مقاصد کے لیے انسانی دماغ کے خلیات کرائے پر فراہم کرنے کا تصور سامنے آیا جس سے سائنسی تحقیق میں نئی راہیں کھل سکتی ہیں۔
13) ڈی این اے میں کتاب محفوظ کرنے کا تجربہ
ماہرین نے ڈی این اے میں مکمل کتاب محفوظ کرنے میں کامیابی حاصل کی جو معلومات کو مستقبل کے لیے طویل مدت تک محفوظ رکھنے کا جدید طریقہ سمجھا جا رہا ہے۔
14) گھریلو پودوں سے وائی فائی متاثر ہونے کا انکشاف
تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ کچھ گھریلو پودے وائی فائی سگنلز کو متاثر کر سکتے ہیں، اگرچہ اثر معمولی ہے مگر یہ ٹیکنالوجی اور ماحول کے تعلق کو ظاہر کرتا ہے۔
15) ٹیکسٹ کی شائستگی جانچنے والا اے آئی ٹول
انٹیل نے ایک ایسا اے آئی ٹول تیار کیا جو پیغامات کے لہجے اور شائستگی کا تجزیہ کرتا ہے تاکہ کاروباری اور تعلیمی ماحول میں کمیونیکیشن بہتر بنائی جا سکے۔