میں فیصل قریشی یا ہمایوں سعید نہیں جو میک اپ کروں؛ نعمان اعجاز کا دلچسپ طنز
نعمان اعجاز کا فیصل قریشی اور ہمایوں سعید کے میک اپ کرانے پر ہلکا پھلکا طنز
مایہ ناز اداکار نعمان اعجاز اپنے دوٹوک مؤقف کے باعث اکثر خبروں کی زینت بنتے رہتے ہیں اور اس بار انھوں نے ہلکے پھلکے انداز میں اپنے 2 ساتھی اداکاروں کو تنقید کا نشانہ بنادیا۔
ڈراما نجات اور دشت سے اپنی شناخت منانے والے نعمان اعجاز کردار میں مکمل طور پر ڈوب کر ایسی جاندار اداکاری کرتے ہیں کہ حقیقت کا گمان ہونے لگتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ وہ مستقل مزاجی کے ساتھ ایک کے بعد ایک کامیاب ڈراما سیریز دیتے ہیں جس میں ان کے کردار مداحوں کے ذہنوں پر نقش ہوجاتے ہیں۔
نعمان اعجاز نہ صرف منجھے ہوئے اداکار ہیں بلکہ وہ ایک اچھے تنقید کار بھی ہیں جو ڈراموں کی ہیئت، کرداروں کی بُنت اور کہانی پر کھل کر اظہار کرتے رہتے ہیں۔
علاوہ ازیں نعمان اعجاز سماجی ایشوز پر بھی اپنا مؤقف پیش کرتے رہتے ہیں۔ پھر چاہے وہ قربانی کے بکروں کی بڑھتی قیمتیں ہوں یا شہریوں کا غیر ذمہ دارانہ رویہ ہو۔
حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں نعمان اعجاز نے نہ صرف اپنے فنِ اداکاری پر بات کی بلکہ میک اپ اور اسکرین گلیمر پر بھی دلچسپ تبصرہ کر ڈالا، جس نے شوبز حلقوں میں خوب توجہ حاصل کر لی ہے۔
انھوں نے انٹرویو میں مسکراتے ہوئے کہا کہ مجھے کبھی بھی اپنے کرداروں کے لیے میک اپ کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی۔ بس گیلے تولیے سے منہ صاف کیا اور تیار ہوگیا۔
نعمان اعجاز نے ہنستے ہوئے بتایا کہ کہ سیٹ پر میک اپ آرٹسٹ بار بار میرے پاس آتا ہے کی میک اپ کروالیں۔ میں کہتا ہوں کہ میں کوئی فیصل قریشی ہوں یا ہمایوں سعید ہوں جو میک اپ کی ضرورت پیش آئے؟
اگلے ہی لمحے نعمان اعجاز اپنے اس مذاق کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کہانی کے مطابق کردار میں ڈھل کر اُسے پیش کرنا ہوتا ہے۔ اسکرین پر اداکاری دکھانی ہے خوبصورتی یا نکھار نہیں۔
نعمان اعجاز نے مزید واضح کیا کہ وہ اسکرین پر خوبصورتی بیچنے کے بجائے اپنے کردار کو پیش کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق ایک اداکار کی اصل طاقت اس کی اداکاری اور کردار میں جان ڈالنے کی صلاحیت ہوتی ہے، نہ کہ میک اپ کی تہیں۔
شوبز حلقوں میں نعمان اعجاز کے اس بیان کو ایک طرف ان کی خوداعتمادی قرار دیا جا رہا ہے تو دوسری جانب سوشل میڈیا پر صارفین اس بیان کو لے کر ہلکی پھلکی بحث اور میمز بھی بنا رہے ہیں۔
تاہم زیادہ تر مداحوں نے تسلیم کیا کہ نعمان اعجاز واقعی ان چند اداکاروں میں شامل ہیں جنھیں کردار کے لیے کسی اضافی سہارے کی ضرورت نہیں پڑتی۔