بنگلادیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا طویل علالت کے بعد چل بسیں
بنگلا دیش کی سابق خاتون وزیراعظم اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی سربراہ خالدہ ضیا 80 برس کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔ پارٹی کی جانب سے ان کے انتقال کی تصدیق کر دی گئی۔
خالدہ ضیا بنگلا دیش کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں اور ملک کی سیاست میں ایک اہم اور نمایاں کردار کی حامل رہیں۔ رپورٹس کے مطابق وہ جگر کے عارضے میں مبتلا تھیں اور کافی عرصے سے اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ گزشتہ روز ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو انتہائی تشویشناک قرار دیا تھا۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق ان کا علاج کرنے والے میڈیکل بورڈ کے رکن ڈاکٹر ضیاء الحق کا کہنا تھا کہ خالدہ ضیا کو لائف سپورٹ پر رکھا گیا تھا اور باقاعدگی سے ڈائیلاسس کیا جا رہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ جب بھی ڈائیلاسس روکا جاتا تو ان کی حالت میں نمایاں بگاڑ آ جاتا تھا۔
ڈاکٹر ضیاء الحق کے مطابق زیادہ عمر اور متعدد پیچیدہ بیماریوں کے باعث ایک ساتھ تمام بیماریوں کا مؤثر علاج ممکن نہیں رہا، جس کے باعث ان کی صحت مسلسل بگڑتی چلی گئی۔ خالدہ ضیا کے انتقال پر بنگلا دیش کی سیاسی و سماجی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق 80 سالہ خالدہ ضیاء گزشتہ ماہ 23 نومبر کو دل اور پھیپھڑوں میں انفیکشن کی شکایت پر اسپتال منتقل کی گئی تھیں، جہاں ان کی حالت مسلسل بگڑتی رہی۔ڈاکٹروں کے مطابق ان کے نظامِ تنفس اور دیگر اہم اعضاء کو سپورٹ فراہم کرنے کے لیے انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔
خالدہ ضیا بنگلا دیش کی معروف سیاستدان تھیں، جنہوں نے 1991 سے 1996 اور پھر 2001 سے 2006 تک ملک کی وزیراعظم کے طور پر خدمات انجام دیں۔خالدہ ضیا بنگلادیش کے سابق صدر ضیاء الرحمان کی اہلیہ تھیں۔ سیاسی کیریئر کے دوران ان پر کرپشن کے الزامات لگے۔ انہیں 2018 میں 5 برس کیلیے جیل بھی کاٹنا پڑی تھی۔
شہباز شریف کا سابق بنگلادیشی وزیراعظم خالدہ ضیا کے انتقال پر افسوس کا اظہار
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی کی چیئرپرسن اور سابق وزیرِاعظم بیگم خالدہ ضیا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیگم خالدہ ضیا کی بنگلا دیش کے لیے عمر بھر کی خدمات اور ملک کی ترقی و خوشحالی میں ان کا کردار ایک دیرپا ورثہ چھوڑ گیا ہے۔
Deeply saddened by the passing of Begum Khaleda Zia, Chairperson of the BNP and former Prime Minister of Bangladesh. Her lifelong service to Bangladesh and its growth and development leaves a lasting legacy.
Begum Zia was a committed friend of Pakistan. My Government and the…— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) December 30, 2025
زیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ بیگم خالدہ ضیا پاکستان کی ایک مخلص دوست تھیں۔ ہماری دعائیں بیگم خالدہ ضیا کے اہلِ خانہ، دوستوں اور بنگلا دیش کے عوام کے ساتھ ہیں۔ شہباز شریف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا تعزیتی پیغام
نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ اسحاق ڈار نے بنگلا دیش کی سابق وزیرِاعظم اور بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی چیئرپرسن بیگم خالدہ ضیا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
Heartfelt condolences on the sad demise of Begum Khaleda Zia, former Prime Minister of Bangladesh and Chairperson, Bangladesh Nationalist Party (BNP).
May Allah SWT grant her high place in Jannah and patience to the bereaved family. Ameen.🤲 pic.twitter.com/aiJITyhzlW— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) December 30, 2025
اپنے ٹوئٹ میں اسحاق ڈار نے مرحومہ کے انتقال کو ایک افسوسناک سانحہ قرار دیتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کی ہے۔
اسحاق ڈار نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ بیگم خالدہ ضیا کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا کرے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں مرحومہ کے لیے مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے حوصلے کی دعا بھی کی۔