راشد نسیم نے ایک سال میں 25 عالمی ریکارڈز بنا کر نئی تاریخ رقم کردی

راشد نسیم نے اٹلی، رومانیہ اور اسپین کے ورلڈ ریکارڈز شوز اور ٹیلنٹ شوز میں بھی شرکت کی اور پاکستان کا نام بلند کیا

پاکستان کے راشد نسیم نے ایک سال میں 25 عالمی ریکارڈز بنا کر نئی تاریخ رقم کردی اور سال 2025 میں بھی پاکستان کے نمبر ون ریکارڈ ہولڈر قرار پائے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے آفیشل ڈیٹا اور ویب سائٹ کے مطابق پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی راشد نسیم 2025 میں بھی پاکستان کے لیے سب سے زیادہ عالمی ریکارڈ بنانے والے کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔

اعداد و شمار کے مطابق 2025 میں پاکستان کے مجموعی طور پر پاکستانی کھلاڑیوں کے 43 عالمی ریکارڈ گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہو چکے، جن میں 25 ریکارڈ صرف راشد نسیم کے نام ہیں۔

جبکہ مجموعی طور پر 43 میں سے 31 ریکارڈ راشد نسیم اور ان کے  اہل خانہ کے نام رہے۔

راشد نسیم نے 2025 میں اسکپنگ کیٹیگری، نن چکو، ماربل ٹائیل بریکنگ، باکسنگ پنوالنٹ بریکنگ کیٹیگری میں متعدد عالمی ریکارڈز قائم کیے۔

اس فہرست میں راشد نسیم کے علاوہ 9 دیگر کھلاڑیوں نے بھی پاکستان کے لیے عالمی ریکارڈز قائم کیے جبکہ ایک ریکارڈ نجی کمپنی کی جانب سے بنایا گیا۔

راشد نسیم کی صاحبزادی فاطمہ نسیم نے 4، اہلیہ صبا راشد اور 73 سالہ والد نسیم الدین ایک ایک ریکارڈ بنانے میں کامیاب رہے۔

راشد نسیم نے اس سال اٹلی، رومانیہ اور اسپین کے ورلڈ ریکارڈز شوز اور ٹیلنٹ شوز میں بھی شرکت کی اور پاکستان کا نام بلند کیا۔

پاکستان کے لیے فخر کا باعث بننے والے دیگر کھلاڑیوں میں عرفان محسود نے 6، محمد ارشد نے 2 جبکہ سفیان، وجاہت، شاہ زیب، عبدالباسط اور ایک نجی کمپنی نے ایک ایک عالمی ریکارڈ پاکستان کے نام کیا۔

واضح رہے کہ 2024 میں بھی راشد نسیم کے 28 سے زیادہ عالمی ریکارڈز منظور ہوئے تھے۔

Load Next Story