دمے کے مریضوں کی جان بچانے والا نیا انجیکشن تیار
برطانیہ میں شدید دمے کے مریضوں کے لیے ایک نیا اور جان بچانے والا انجیکشن استعمال کے لیے جلد متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔ یہ انجیکشن سال میں صرف دو مرتبہ لگایا جائے گا اور جان لیوا دمے کے حملوں کو روکنے میں مدد دے گا۔
طبی تحقیق کے مطابق طویل اثر رکھنے والا ڈیپیموکیماب نامی یہ انجیکشن دمے کے خطرناک حملوں (جن کے باعث مریضوں کو اسپتال میں داخل ہونا پڑتا ہے) میں 72 فی صد تک کمی لاتا ہے، جبکہ اس کے مضر اثرات انتہائی کم رپورٹ ہوئے ہیں۔ دوا میں شامل اینٹی باڈیز پھیپھڑوں میں ہونے والی سوزش کو ہدف بناتی ہیں۔
برطانوی اخبار دی ٹائمز کے مطابق یہ دوا 2026 کے پہلے ششماہی میں نجی برانڈ کے تحت فروخت کے لیے پیش کی جائے گی۔ تاہم نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ہیلتھ اینڈ کیئر ایکسیلینس(NICE)اگلے سال یہ فیصلہ کرے گا کہ آیا اس علاج کو این ایچ ایس کے تحت فراہم کیا جا سکے گا یا نہیں۔
تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ یہ دوا ان شدید حملوں کو کم کرے گی جو مریضوں کے لیے نہایت خوفناک اور اسپتال میں داخلے کا سبب بنتے ہیں۔
اس انجیکشن کو رواں ماہ میڈیسنز اینڈ ہیلتھ کیئر پروڈکٹس ریگولیٹری ایجنسی(MHRA)نے منظوری دے دی ہے۔