ڈرائیونگ ایپ کے ذریعے ڈیزل کی لوٹ مار میں ملوث گروہ گرفتار
ڈرائیونگ ایپ کے ذریعے ڈیزل کی لوٹ مار میں ملوث گروہ کو قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ پولیس نے گرفتار کر لیا۔
ایس ایچ او قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ رضوان اصغر چیمہ نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو ٹریس کر کے حراست میں لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان ڈرائیونگ ایپ کے ذریعے لوڈر رکشے بک کرواتے، پٹرول پمپس سے ڈرموں میں ڈیزل بھروا کر کسی بہانے سے رکشے روانہ کر دیتے تھے جبکہ خود باتھ روم جانے کا بہانہ بنا کر موقع سے فرار ہو جاتے تھے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت محمد عقیل، محمد طیب، ذاکر حسین، محمد بلال اور محمد نعمان کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے نقدی، موبائل فون، پستول اور میگزین برآمد کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان اب تک دو پٹرول پمپ مالکان کو چکمہ دے کر لاکھوں روپے مالیت کا ڈیزل لوٹ چکے ہیں۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایس پی صدر کے مطابق برآمد شدہ رقم متاثرہ افراد کے حوالے کر دی گئی ہے۔ ایس پی صدر رانا حسین طاہر نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ رضوان اصغر چیمہ اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے۔