ملتان سلطانز کی سربراہی اور کوچنگ سے متعلق بڑی خبر سامنے آگئی

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی حتمی منظوری کے بعد ملتان سلطانز مینجمنٹ کو فائنل شکل دی جائے گی

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کی مینجمنٹ میں رمیز راجہ کو بطور سربراہ جبکہ کوچنگ اسٹاف میں عبدالرزاق، مشتاق احمد اور توفیق عمر کو لیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے دو تین مزید کرکٹرز سے بھی دستیابی پوچھنے کے لیے رابطے کیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عبدالرزاق کو ہیڈ کوچ، مشتاق احمد کو اسسٹنٹ کوچ اور توفیق عمر کو بیٹنگ کوچ کی پیشکش ہوسکتی ہے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی حتمی منظوری  سے ملتان سلطانز مینجمنٹ کو فائنل شکل دی جائے گی۔

عبدالرزاق این سی اے میں پاور ہٹنگ کوچ کی ذمہ داری نبھا چکے ہیں۔ توفیق عمر ویمنز کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ رہے ہیں۔

سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد ملتان سلطانز کے ساتھ بطور اسپن کنسلٹنٹ بھی کام کا تجربہ رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 11 میں ایک سال کے لیے ملتان سلطانز کے تمام معاملات پی سی بی مینجمنٹ دیکھے گی، اس کے بعداس کی نیلامی کی جائے گی۔

ملتان سلطانز کے اونر علی ترین نے پی ایس ایل رینیول لیٹر نہ ملنے پر ملتان سلطانز کو خیر باد کہہ دیا تھا۔

انہوں نے  پی ایس ایل مینجمنٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور قانونی نوٹس کی کاپی بھی پھاڑ دی تھی۔

پی ایس ایل کا گیارہواں ایڈیشن مارچ میں شروع ہوناہے جس کے لیے دو نئی ٹیموں کی خریداری کے لیے دس پارٹیوں میں مقابلہ ہوگا۔

نیلامی کی تقریب 8 جنوری کو جناح اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں ہوگی۔

Load Next Story