باجوڑ میں منشیات فروشوں سے رابطے کے الزام میں 6 پولیس اہلکار معطل

کراچی میں بوٹ بیسن سے 3 ملزمان گرفتار، شراب اور اسلحہ برآمد

پشاور/کراچی:

باجوڑ میں منشیات فروشوں سے رابطے کے الزام میں 6 پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔

 ڈی پی او باجوڑ وقاص رفیق کے مطابق معطل پولیس اہلکار منشیات فروشوں سے پیسے وصول کرنے میں ملوث پائے گئے۔

ڈی پی او باجوڑ نے بتایا کہ معطل پولیس اہلکاروں کی طویل عرصے سے نگرانی کی جا رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کیساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

کراچی سے تین ملزمان گرفتار

دوسری جانب کراچی کے علاقے بوٹ بیسن میں ایس آئی یو، سی آئی اے اور ٹاسک فورس نے مشترکہ کارروائی کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی ایس آئی یو ڈاکٹر محمد عمران خان کے مطابق گرفتار ملزمان سے 37 غیر ملکی شراب کی بوتلیں، چار کلو چرس، 28 گرام کوکین اور 195 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔

گرفتار ملزمان سے پستول اور کلاشن کوف بھی برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان کی شناخت زوہیب، عبدالصمد اور شیر علی کے نام سے ہوئی۔

ملزمان کے خلاف منشیات اور غیر قانونی اسلحہ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

Load Next Story