آئی جی سندھ غلام نبی میمن ریٹائر، جاوید عالم اوڈھو کواضافی چارج تفویض

آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی ریٹائرمنٹ سے قبل نئے آئی جی کی تقرری نہ ہو سکی

فوٹو: سندھ پولیس

اسلام آباد:

انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سندھ غلام نبی میمن مدت ملازمت کی تکمیل کے بعد ریٹائر ہو گئے جبکہ کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو کو آئی جی کا اضافی چارج تفویض کردیا گیا۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن اپنی مدت ملازمت مکمل کرکے سبکدوش ہوگئے لیکن ان کی ریٹائرمنٹ سے قبل نئے آئی جی کی تقرری نہ ہو سکی۔

حکومت سندھ نے کراچی پولیس چیف ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو کو آئی جی سندھ کا اضافی چارج سونپے جانے کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا جس کے بعد انہوں نے قائم قام آئی جی سندھ کے عہدے کا بھی چارج سنبھال لیا۔

سینٹرل پولیس آفس کراچی میں کمان تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی جہاں غلام نبی میمن نے اپنے عہدے کی ذمہ داریاں اور کمانڈ اسٹک قائم قام آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کو سونپ دیں۔

پولیس سروس پاکستان گریڈ 22 کے آئی جی سندھ کے عہدے سے سبکدوش ہونے والے غلام نبی میمن یکم جنوری 1966 کو بدین میں پیدا ہوئے اور 19 اکتوبر 1991 کو انہوں نے محکمہ پولیس میں شمولیت اختیار کی بعدازاں 8 اکتوبر 1997 کو انہیں گریڈ 17 سے گریڈ 18 پر ترقی دی گئی۔

غلام نبی میمن 6 نومبر 1997 سے 7 اپریل 2006 تک بطور پر ایس پی ڈسٹرکٹ گھوٹکی، ایس پی ڈسٹرکٹ خیر پور، ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ملیر اور لاڑکانہ، ڈسٹرک پولیس آفیسر لاڑکانہ، اے ڈی آئی جی پی اسٹیبلیسمنٹ کراچی، ایڈیشنل سیکریٹری ٹو چیف منسٹر سندھ، ڈائریکٹر اینٹی کرپشن، اے ڈی آئی جی پی آپریشنز سی سی پی کراچی اپنی خدمات انجام دیتے رہے۔

بعد ازاں انہیں 7 مارچ 2006 کو گریڈ 19 میں ترقی دی گئی جس کے بعد وہ 7 اپریل 2006 سے 10 جون 2006 تک ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر گھوٹکی تعینات رہے، انہوں نے دو بار انٹیلیجنس بیور (آئی بی) میں بھی خدمات کا سلسلہ جاری رکھا۔

غلام نبی میمن کو 20 جولائی 2010 کو گریڈ 20 میں ترقی دی گئی جبکہ وہ اپنی تعیناتی کے دوران ڈی آئی جی ساؤتھ، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز سینٹرل پولیس آفس بھی تعینات رہے جبکہ 22 فروری 2018 کو انہیں ایڈیشنل آئی جی گریڈ 22 میں ترقی دی گئی، دو بار کراچی پولیس چیف اور ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ بھی تعینات رہے۔

پولیس سروس سے ریٹائر ہونے والے گریڈ 22 کے افسر غلام نبی میمن 2 بار آئی جی سندھ کے عہدے پر بھی تعینات رہے، جس میں پہلی بار وہ 3 جون 2022 سے 19 اگست 2023 اور 25 مارچ 2024 سے 31 دسمبر 2025 تک آئی جی سندھ کے عہدے پر اپنی خدمات انجام دیتے رہے۔

متعلقہ

Load Next Story