عتیقہ اوڈھو پاکستانی فنکاروں کی آواز بن گئیں؛ بالی ووڈ کو آڑے ہاتھوں لے لیا

بھارت میں لاکھوں مداحوں کے باوجود پاکستانی ڈراموں اور فلموں کو ریلیز نہیں کرنے دیا جاتا، اداکارہ

بالی ووڈ میں پاکستانی فنکاروں کیساتھ تضحیک آمیز رویہ اپنایا جاتا ہے

سینیئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے حال ہی میں بھارت کی نفرت آمیز سیاست اور وہاں کی فلم انڈسٹری کی منافقت پر کھل کر تنقید کی ہے۔

ایک حالیہ انٹرویو میں عتیقہ اوڈھو نے کہا کہ بالی ووڈ میں پاکستانی فنکاروں کے ساتھ رویہ بدترین اور بےرحمانہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم برسوں کوشش کرتے رہے کہ فن کے ذریعے تعلقات بہتر ہوں لیکن بھارت نے ہمیشہ سیاست کو فن پر فوقیت دی۔ ہمیں نہ صرف نظرانداز بلکہ مسلسل ہراساں کیا جاتا ہے۔

اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں کو بھارت میں بھی لاکھوں افراد دیکھتے ہیں جو ہمارے مداح ہیں لیکن بھارتی پروڈیوسرز اور فلم ساز ہمارے کام کو کبھی بھی ریلیز کرنے کے لیے تیار نہیں ہوئے۔

انھوں نے مثال دیکر اپنی بات کی وضاحت کی کہ پاکستانی فلم 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' جیسی فلم نے بین الاقوامی سطح پر دھوم مچائی لیکن بھارت میں ریلیز نہیں ہونے دی گئی۔

عتیقہ اوڈھو نے کہا کہ یہ لوگ بس سیاست کھیلنے میں مصروف ہیں فن کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ اگر یہ ہمیں ریلیز نہیں کریں گے تو ہم بھی ان کی فلموں پر پابندی کیوں نہ لگائیں۔

خیال رہے کہ نہ صرف دی لیجنڈ آف مولا جٹ کو ریلیز نہ ہونے دیا گیا بلکہ خود بالی ووڈ کی اس فلم کی ریلیز میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں جس میں پاکستانی اداکار فواد احمد نے کام کیا تھا۔

 

Load Next Story