برازیل کے عالمی شہرت یافتہ لیجنڈری فٹبالر اسپتال میں داخل
ڈاکٹرز نے لیجنڈری فٹبالر کے دل کی سرجری کی ہے
برازیلین فٹبال کے لیجنڈ اور ریال میڈرڈ کے سابق دفاعی ستون روبرٹو کارلوس کو صحت کی خرابی کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 52 سالہ روبرٹو کارلوس ان دنوں چھٹیاں گزارنے کے لیے برازیل میں موجود تھے کہ معمول کے طبی معائنے کے دوران ان کی صحت سے متعلق تشویش ناک علامات سامنے آئیں۔
ابتدا میں وہ ٹانگ میں خون کے ایک معمولی لوتھڑے کی جانچ کے لیے اسپتال پہنچے تھے تاہم مزید تفصیلی ٹیسٹ اور ایم آر آئی اسکین کے بعد ڈاکٹروں نے دل کی کارکردگی میں خرابی کی نشاندہی کی۔
طبی ماہرین کے مشورے پر فوری طور پر سرجری کا فیصلہ کیا گیا جو کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔ روبرٹو کارلوس کی حالت اب مستحکم ہے اور وہ خطرے سے باہر ہیں۔
تاہم احتیاطی تدابیر کے تحت انہیں مزید دو دن تک اسپتال میں زیر نگرانی رکھا جائے گا۔
یاد رہے کہ روبرٹو کارلوس کا شمار فٹبال کی تاریخ کے جارح مزاج لیفٹ بیکس میں ہوتا ہے۔ جنھوں نے اپنی تیز رفتاری، شاندار فری ککس اور یادگار گولز سے دنیا بھر کے شائقین کو متاثر کیا۔
انھوں نے برازیل کی قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 125 بین الاقوامی میچز کھیلے جب کہ 1998 اور 2002 کے ورلڈ کپ فائنلز میں ٹیم کا حصہ تھے۔
علاوہ ازیں وہ 2002 میں عالمی کپ جیتنے والی ٹیم کا اہم حصہ بھی رہے۔
کلب فٹبال میں بھی ان کا سفر شاندار رہا جہاں وہ ریال میڈرڈ کے ساتھ تین مرتبہ یوئیفا چیمپئنز لیگ جیتنے میں کامیاب ہوئے۔
ریٹائرمنٹ کے بعد بھی وہ ریال میڈرڈ کے سفیر کے طور پر فٹبال سے وابستہ ہیں۔