لاہور، سال نو پر داتا دربار میں خصوصی دعا میں وزیرداخلہ کی بھی شرکت

اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی

لاہور:

سال نو کے موقع پر لاہور میں واقع داتا دربار پر خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا، جس میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شرکت کی۔

دعا کے اجتماع میں ملک کی سلامتی، استحکام اور امن کے لیے خصوصی طور پر دعائیں مانگی گئیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر پاکستان کی سالمیت، دفاع اور قومی یکجہتی کے لیے دعا کی اور کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔

انہوں نے ملک میں امن و امان کے قیام اور استحکام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے بھی خصوصی دعا کی۔

وزیرداخلہ نے دعا کے دوران شہداء کے اہل خانہ کے لیے صبرِ جمیل اور ملک کو درپیش چیلنجز سے نجات کی دعا کی، جبکہ پاکستان کے روشن مستقبل، عوام کی فلاح و بہبود اور معاشی بہتری کے لیے بھی اللہ تعالیٰ سے مدد طلب کی گئی۔

Load Next Story