روس یوکرین جنگ ختم ہونے کے قریب؟ زیلنسکی نے اہم اشارہ دے دیا
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ جنگ بندی سے متعلق امن معاہدہ تقریباً 90 فیصد مکمل ہو چکا ہے اور دونوں فریقین معاہدے سے صرف 10 فیصد دوری پر ہیں۔
نئے سال کے موقع پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے صدر زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین جنگ کا خاتمہ چاہتا ہے، تاہم کسی بھی صورت میں ملک کے وجود، خودمختاری اور سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ امن معاہدے کے لیے مضبوط سکیورٹی ضمانتیں انتہائی ضروری ہیں تاکہ مستقبل میں روس دوبارہ یوکرین پر حملہ نہ کر سکے۔ صدر زیلنسکی نے خبردار کیا کہ اگر سکیورٹی ضمانتیں مؤثر نہ ہوئیں تو امن دیرپا ثابت نہیں ہوگا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امن معاہدے میں سب سے بڑا اختلاف علاقائی کنٹرول کے معاملے پر ہے۔ اس وقت روسی فوج یوکرین کے تقریباً 20 فیصد علاقے پر قابض ہے، جبکہ روس معاہدے کے تحت مشرقی یوکرین کے ڈونباس خطے پر مکمل کنٹرول چاہتا ہے۔
صدر زیلنسکی نے کہا کہ اہم اور حساس نکات پر اب بھی بات چیت جاری ہے اور حتمی فیصلے کے لیے مزید سفارتی کوششوں کی ضرورت ہے۔