نئے سال کا شاندار آغاز؛ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، انڈیکس کا نیا ریکارڈ قائم

گزشتہ روز بھی مارکیٹ میں مثبت رجحان تھا، جس کے نتیجے میں انڈیکس ایک لاکھ 75 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرگیا تھا

کراچی:

نئے سال کے موقع پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا شاندار آغاز ہوا ہے، جہاں انڈیکس  نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

کاروباری ہفتے کے چوتھے  روز اور 2026ء کے پہلے  ہی دن بازار حصص میں غیر معمولی تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے، جہاں سرمایہ کاروں کے بھرپور اعتماد کے نتیجے میں مارکیٹ میں شیئرز کی خرید و فروخت  میں نمایاں تیزی ریکارڈ ہو رہی ہے۔

آج جمعرات کے روز پی ایس ایکس میں کاروبار کے آغاز ہی سے خریداری کا رجحان غالب رہا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس دوران ایک موقع پر 100 انڈیکس 1954 پوائنٹس کے بڑے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 76 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا۔

کاروباری دورانیے میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 1954 پوائنٹس کے بڑے اضافے کے بعد ایک لاکھ 76 ہزار 8 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کرتا رہا، جس  سے سرمایہ کاروں کے مثبت رجحان کا اظہار ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان برقرار رہا تھا اور کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 75 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرنے میں کامیاب ہوگیا تھا۔

Load Next Story