عدلیہ بنیادی حقوق کے تحفظ اور بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے، چیف جسٹس

آئین عدلیہ کو یہ اہم ذمہ داری سونپتا ہے کہ انصاف نہ صرف کیا جائے بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آئے،چیف جسٹس یحییٰ آفریدی

چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ عدلیہ بنیادی حقوق کے تحفظ، قانون کی بالادستی کے فروغ اور منصفانہ، غیر جانبدار اور بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے۔

سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس نے نئے سال کے آغاز پر پاکستانی قوم، عدلیہ کے اراکین، قانونی برادری اور انصاف کے متلاشی تمام افراد کو دلی مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ آئین عدلیہ کو یہ اہم ذمہ داری سونپتا ہے کہ انصاف نہ صرف کیا جائے بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آئے، یہ ذمہ داری اُس وقت مزید اہمیت اختیار کر جاتی ہے جب عام شہری امید، اعتماد اور بعض اوقات بے بسی کے عالم میں عدالتوں کا رخ کرتے ہیں۔

شہری مرکز انصاف کے نظام پر زور دیتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ آنے والا سال غور و فکر، اصلاحات اور اس عزم کی تجدید کا متقاضی ہے کہ عدالتی عمل میں شہری کو مرکزیت دی جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ انصاف محض اصولی نہیں بلکہ عملی طور پر قابلِ رسائی ہونا چاہیے، طریقۂ کار باوقار اور خواتین، بچوں، معاشرے کے محروم طبقات اور دور دراز و پسماندہ علاقوں میں رہنے والے افراد کی ضروریات سے ہم آہنگ ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ سال عدلیہ ایسے بامعنی اصلاحاتی اقدامات پر کام کرے گی جن کا مقصد انصاف تک رسائی کو بہتر بنانا، مقدمات میں تاخیر کم کرنا، شفافیت کو مضبوط بنانا اور عدالتی کارکردگی میں بہتری کے لیے ٹیکنالوجی کا ذمہ دارانہ استعمال ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ان اصلاحات کا محور وہ نتائج ہوں گے جو عوام کے لیے سب سے زیادہ اہم ہیں،ان میں بروقت فیصلے، قابلِ فہم طریقۂ کار اور ایسی عدالتیں شامل ہیں جو عوام دوست اور انسانی ہمدردی پر مبنی ہوں۔

ادارے پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ اجتماعی عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور دیانت داری کے ذریعے عدلیہ عوامی اعتماد کو مزید مستحکم اور آئین میں درج اعلیٰ اقدار کی پاسداری جاری رکھے گی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عدلیہ ہر شہری کی خدمت انصاف، خودمختاری اور ہمدردی کے ساتھ کرتی رہے گی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیا سال قانون کی حکمرانی پر عوام کے اعتماد میں اضافے اور ایسے نظامِ انصاف کا موجب بنے گا جو ہر فرد تک پہنچ سکے۔

Load Next Story