سندھ ریونیو بورڈ کی مالی سال 2025-26 کے مقررہ اہداف کے حصول کی جانب ایک اہم پیش رفت

دسمبر 2025 میں سندھ ریونیو بورڈ نے 34 ارب 6 کروڑ روپے کی وصولی کی

سندھ ریونیو بورڈ نے مالی سال 2025-26 کے مقررہ اہداف کے حصول کی جانب ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے دسمبر 2025 کے دوران محصولات میں 25 فیصد نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دسمبر 2025 میں سندھ ریونیو بورڈ نے 34 ارب 6 کروڑ روپے کی وصولی کی جو گزشتہ سال دسمبر 2024 میں حاصل ہونے والے 27 ارب 14 کروڑ 90 لاکھ روپے کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

اس شاندار کارکردگی کے نتیجے میں مالی سال 2025-26 کے ابتدائی چھ ماہ میں مجموعی محصولات 161 ارب 43 کروڑ 10 لاکھ روپے تک پہنچ گئےجبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ وصولی 133 ارب 25 کروڑ 60 لاکھ روپے رہی تھی یوں ششماہی بنیادوں پر 21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

سندھ ریونیو بورڈ کے مطابق اس تسلسل کے ساتھ بڑھتی ہوئی وصولیوں کا سہرا ادارے کے افسران اور عملے کی محنت،حکومتِ سندھ کی بھرپور معاونت اور ٹیکس دہندگان کے اعتماد و تعاون کو جاتا ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ بورڈ مالی سال 2025-26 کے دوران زرعی آمدن ٹیکس کی وصولی، منفی لسٹ ٹیرف نظام کے نفاذ، مسلسل اصلاحات، بہتر ٹیکس انتظامیہ، مؤثر نفاذ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے شفافیت اور ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

Load Next Story