خیبر پختونخوا، اسلام آباد، پنجاب، کشمیر اور شمالی بلوچستان میں بارش، پہاڑوں پر برف باری

آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے

اسلام آباد:

ملک میں سردی کی لہر جاری ہے، مری، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، پنجاب، کشمیر اور شمالی بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوئی، مری میں ہلکی برفباری نے سیاحوں میں خوشی کی لہر دوڑا دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے تاہم بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر مزید ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوسکتی ہے جب کہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور بالائی سندھ  کے میدانی علاقوں میں دھند کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کے روز صبح اور رات کے اوقات میں پنجاب، خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ  کے میدانی علاقوں میں درمیانی سے شدید دھند  کا امکان ہے، اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک  رہنے کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے  بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک  جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سرد  رہنے کا امکان ہے تاہم پشاور، مردان، صوابی، بنوں، ڈی آئی خان اور گردونواح میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند  کا امکان ہے، اسی طرح پنجاب صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک   رہنے کی توقع ہے، مری، گلیات اور گردو نواح میں موسم شدید سرد اورخشک  رہنے کا امکان۔ سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، گجرات ،لاہور، شیخوپورہ، اوکاڑہ ، قصور، ساہیوال، خانیوال، فیصل آباد، شورکوٹ،   ملتان، کوٹ ادو، بہاولنگر، خانپور، بہاولپور اوررحیم یار خان میں صبح/  رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دھند  کا امکان ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور، شہید بے نظیرآباد، موہنجو دڑو اور گردونواح میں صبح / رات کے اوقات میں  دھند کا امکان موجود ہے جبکہ بلوچستان  کے  بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک   جبکہ شمالی اضلاع میں  صبح اور رات کے اوقات  میں  شدید سرد رہنے   کی توقع ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان کی بات کریں تو کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش  خیبر پختونخوا کے علاقے دیر بالائی میں 28، ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، اسی طرح  کاکول 25، بالاکوٹ 20، پاراچنار اور چراٹ 16، ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت  لہہ میں منفی07، قلات میں منفی 05،ریکارڈ کیا گیا۔

Load Next Story