سلمان خان نے بنگلے کے بدلے راجیش کھنہ کو کیا آفر کی تھی؛ افسوسناک کہانی

سلمان خان نے راجیش کھنہ کی مالی پریشانیوں کو کم کرنے کیلیے بڑی پیشکش کی تھی

سلمان خان نے راجیش کھنہ کی مالی مشکلات میں کمی کیلیے آشیرواد خریدنے کی پیشکش کی تھی

بالی ووڈ کے پہلے سُپراسٹار راجیش کھنہ اور حال کے سپر اسٹار سلمان خان سے جڑی ایک پرانی مگر حیران کن کہانی ایک بار پھر شوبز حلقوں میں زیرِ بحث آگئی۔

یہ انکشاف معروف کتاب ’ ڈارک اسٹار: دی لونلی نیس آف بینگ راجیش کھنہ‘ میں بھی بیان کیا گیا ہے اور حال ہی میں دوبارہ زیرِ بحث بھی آ رہا ہے۔

بھارت کے پہلے سُپراسٹار راجیش کھنہ پر وہ وقت بھی آیا جب وہ شدید مالی دباؤ کا شکار تھے اور اُن ہی دنوں سلمان خان نے ایک ایسی پیشکش کی جس نے سب کو چونکا دیا۔

کہا جاتا ہے کہ سلمان خان نے ممبئی کے مشہور علاقے کارٹر روڈ پر واقع راجیش کھنہ کے تاریخی بنگلے ’آشیرواد‘ کو خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔

بات صرف خریداری تک محدود نہیں رہی تھی بلکہ سلمان خان نے راجیش کھنہ کو یہ پیشکش بھی کی کہ وہ ان کی کسی فلم میں بغیر معاوضہ کام کرنے کے لیے تیار ہیں تاکہ مالی مشکلات کم ہو سکیں۔

لیکن یہاں کہانی نے ایک ڈرامائی موڑ لیا۔ راجیش کھنہ، جنھیں سب محبت سے “کاکا” کہتے تھے۔ اس پیشکش کو ہمدردی کے بجائے سازش سمجھ بیٹھے۔

ان کا خیال تھا کہ سلمان خان بنگلہ خرید کر انہیں مالی اور سماجی طور پر کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے یہاں تک کہہ دیا کہ یہ مجھے سڑک پر لانا چاہتے ہیں۔

اسی بداعتمادی کے باعث کاکا نے آشیرواد بیچنے سے صاف انکار کر دیا۔

یاد رہے کہ آشیرواد کبھی راجیش کھنہ کی شان و شوکت کی علامت ہوا کرتا تھا۔ کتاب کے مطابق اداکار راجیش کھنہ بنگلے میں بادشاہوں کی طرح دربار لگاتے تھے۔

سپر اسٹار اونچی خود کرسی پر بیٹھتے اور پروڈیوسرز کو باہر انتظار کرواتے تھے۔ ریشمی لنگی اور کرتا ان کی پہچان تھا جب کہ گھر کے اندرونی حصوں تک رسائی صرف خاص لوگوں کو ملتی تھی۔

مگر راجیش کھنہ کے وقت کی پابندی نہ کرنے، نشہ، نائٹ پارٹیاں اور پروڈیوسرز کو ناراض کرنے کے باعث قسمت کی دیوی راجیش کھنہ پر زیادہ عرصے تک مہربان نہ رہ سکی۔

ایک وقت وہ بھی تھا جب بالی ووڈ میں یہ محاورہ بن گیا تھا کہ اوپر آقا اور زمین پر ’’کاکا‘‘ (یہ راجیش کھنہ کا پیار کا نام تھا) یعنی جسے کاکا کہیں اسے ہی کام ملے گا۔

1973 کے بعد پروڈیوسر کو امیتابھ بچن کی صورت میں راجیش کھنہ کا متبادل مل گیا۔ اینگری ینگ مین کہلوائے جانے والے امیتابھ کے ابھرنے سے کاکا کا ستارہ مدھم پڑنے لگا۔

یوں شاہانہ مزاج اور عادات رکھنے والے راجیش کھنہ کے مالی مسائل بڑھتے چلے گئے اور وہ اپنے اسی بنگلے آشیرواد میں تنہائی کی زندگی گزارنے لگے۔

سلمان خان کی عاجزانہ پیشکش کو سازش سمجھ کر ٹھکرانے والے راجیش کھنہ نے زندگی کے آخری دنوں تک ’’آشیرواد‘‘ نہیں بیچا۔

ان کے انتقال کے بعد یہ تاریخی بنگلہ گرا دیا گیا اور اس کی جگہ ایک بلند عمارت کھڑی ہو گئی۔

یہ قصہ آج بھی بالی ووڈ کی ان کہانیوں میں شمار ہوتا ہے جہاں انا، غلط فہمیاں اور بدلتا وقت سب کچھ بدل کر رکھ دیتے ہیں۔

 

Load Next Story