ایران میں مہنگائی کیخلاف احتجاج شدت اختیار کرگیا، 2 ہلاکتیں؛ متعدد زخمی

ایران میں کرنسی کی قدر گرتی جا رہی ہے اور مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے


ویب ڈیسک January 01, 2026

ایران کے جنوب مغربی شہر لورڈگان میں ہنگامی کے خلاف حکومت مخالف احتجاج پُرتشدد مظاہرے میں تبدیل ہوگیا جس میں ہلاکتیں بھی ہوئیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مظاہرین کی جھڑپوں میں کم از کم 2 مظاہرین مارے گئے۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے گورنر آفس، مسجد، ٹاؤن ہال اور بینکوں پر پتھراؤ کیا جنھیں پولیس نے آنسو گیس شیلنگ اور ہوائی فائرنگ سے منشتر کرنے کی کوشش کی۔

خیال رہے کہ یہ پہلی بار ہے کہ ہوشربا مہنگائی کے خلاف احتجاج میں عام شہریوں کی موت ہوئی ہو جب کہ 10 سے زائد شدید زخمی بھی ہیں۔

زخمیوں میں سے دو حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جب کہ 50 سے زائد مظاہرین کو حراست میں بھی لیا گیا۔

علاوہ ازیں لورستان کے صوبے میں بسیج (Basij) نامی رضا کار فورس کا ایک 21 سالہ رکن بھی ہلاک ہوا۔

یاد رہے کہ عوامی احتجاج اتوار کو دارالحکومت تہران سے شروع ہوا تھا جہاں دکانداروں نے بڑھتی ہوئی قیمتوں اور شدید مہنگائی کے خلاف ہڑتال اور مظاہرے کیے۔

ایران کی کرنسی اس سال کئی گنا کمزور ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے خوراک، ادویات اور توانائی کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں۔

یہ مظاہرے اب ملک کے مختلف شہروں میں پھیل چکے ہیں اور زیادہ تر ان کا محور معاشی مشکلات، بے روزگاری، کم ہوتی خریداری قوت اور حکومت کے معاشی فیصلوں کے خلاف عوامی ناراضگی ہے۔

 

 

مقبول خبریں