سابق سربراہ پاک فضائیہ ائیر مارشل نور خان کی بیٹی ٹریفک حادثے میں جاں بحق
سابق سربراہ پاک فضائیہ ائیر مارشل نور خان کی صاحبزادی ڈاکٹر فائقہ نور خان امریکا میں پیش آنے والے ایک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق ریاست ورجینیا کی کاؤنٹی ڈینوڈی میں ویک اینڈ کے دوران ایک کار حادثہ پیش آیا جس میں مقامی پیڈیاٹریشن 75 سالہ فائقہ آفتاب قریشی جان کی بازی ہار گئیں۔
ورجینیا پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر فائقہ قریشی کی گاڑی سڑک سے ٹکرا گئی جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی اور گاڑی میں موجود خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔
ڈاکٹر فائقہ قریشی نے 1993 میں بچوں کے دی کنگز ڈاٹر اسپتال میں بطور فزیشن اپنی خدمات کا آغاز کیا تھا بعد ازاں وہ طویل عرصے تک اسپتال کے ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ میں میڈیکل ڈائریکٹر کے طور پر فرائض انجام دیتی رہیں۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق ڈاکٹر فائقہ کا بچوں اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ گہرا تعلق تھا جبکہ مستقبل کے ڈاکٹرز کی تربیت میں ان کا کردار دیرپا اثرات کا حامل رہا۔
ادھر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور نے بھی سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ڈاکٹر فائقہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ بیان کے مطابق ڈاکٹر فائقہ، سابق ائیر مارشل نور خان کی صاحبزادی تھیں، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی نمایاں طالبہ رہیں، 1973 میں گریجویشن مکمل کی اور بعد ازاں اسی ادارے میں بطور استاد بھی خدمات سرانجام دیتی رہیں۔