کراچی میں مبینہ پولیس مقابلہ، چلتے رکشا میں بیٹھی 17 سالہ لڑکی جاں بحق
کورنگی نمبر 6 میں چراغ ہوٹل کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران نامعلوم سمت سے آنے والی گولی نے چلتے رکشے میں بیٹھی 17 سالہ لڑکی کی جان لے لی۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والی لڑکی کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی، جس کی شناخت 17 سالہ کومل کے نام سے کی گئی۔ جاں بحق لڑکی فرسٹ ایئر کی طالبہ تھی۔
اہلخانہ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کورنگی نمبر چھ کی مارکیٹ کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران پیش آیا، مقتولہ اپنی والدہ اور چھوٹے بھائی کے ہمراہ نانی کے گھر سے آرہی تھی۔
اہلخانہ نے بتایا کہ مبینہ پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ سے رکشہ ڈرائیور بھی باروز پر گولی لگنے سے زخمی ہوا لیکن زخمی رکشہ ڈرائیور کہاں گیا کچھ علم نہیں۔ والد کے مطابق مقتولہ کومل دو بھائیوں کی اکلوتی بہن تھی۔
کورنگی نمبر چھ مارکیٹ میں مبینہ پولیس مقابلے کی ویڈیوز بھی حاصل کر لی گئیں۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ مبینہ پولیس مقابلے میں مولا بخش نامی ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جبکہ ساتھی فرار ہوگیا۔
ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری نے بتایا کہ عوامی کالونی تھانے کی حدود میں دو ڈاکو بینک سے رقم لیکر نکلنے والے شہری سے تین لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو رہے تھے کہ کورنگی نمبر چھ مارکیٹ میں پولیس اور ڈاکوؤں کا آمنا سامنا ہوا۔ دوسرا ڈاکو لوٹی ہوئی رقم کے ساتھ فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگیا۔
پولیس افسر نے بتایا کہ رکشے پر گولی چلتے ہوئے لگی لیکن مقتولہ طالبہ کو کس کی گولی لگی تعین نہیں ہو سکا، واقعے کی انکوائری تشکیل دے دی گئی اور ایس ڈی پی او لانڈھی فائزہ سوڈھر انکوائری کر رہی ہیں، جس میں ایس ایچ او لانڈھی اور ایس آئی او لاعوامی شامل ہیں۔
ایس ایس پی کورنگی، فدا حسین جانوری کا کہنا تھا کہ واقعے میں پولیس کی غفلت و لاپروائی ہوئی تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔