دورہ لاہور میں غلط زبان استعمال ہوئی جس پر معذرت کرلی ہے، سہیل آفریدی
خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے حالیہ دورہ لاہور کے دوران خیبرپختونخوا کے وزرا کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر کے خلاف بیانات پر غلط زبان کے استعمال کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سے غلط زبان استعمال ہوئی جس پر معذرت کرلی ہے۔
پشاور میں سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران حالیہ دورہ لاہور کے حوالے سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ لاہور میں دورے کے دوران ہم سے زبان کا غلط استعمال ہوا لیکن وہ عمل کا ردعمل تھا، ہم نے اپنے دورہ لاہور کے دوران غلط زبان کے استعمال پر معذرت کرلی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ہمارے ساتھ بہت بدتمیزی کی گئی، میرا اسکواڈ جیسے ہی گزرتا اس کے بعد وہاں موجود افراد کو حراست میں لے لیا جاتا، پہلے سے اندازہ تھا کہ پنجاب میں یہ رویہ اختیار کیا جائے گا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ کراچی کے دورے کا پلان تیار کر رہے ہیں، کراچی میں انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن (آئی ایس ایف)، انصاف لائرز فورم (آئی ایل ایف) سے ملاقاتیں کریں گے۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے لاہور سمیت پنجاب کا 4 روزہ دورہ کیا تھا جہاں پنجاب اسمبلی میں داخلے کے وقت سیکیورٹی سے تلخ کلامی کے دوران ان کے ساتھ شامل اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب اور وزرا کے خلاف غلط زبان استعمال کی تھی۔