یمن بحران، خطے میں دیرپا امن کیلئے مثبت کردار ادا کرنے کو ہر وقت تیار ہیں، دفترخارجہ
فوٹو: فائل
دفترخارجہ نے کہا ہے پاکستان یمن کے بحران کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے پرامن راستہ اختیار کرنے کی حمایت کرتا ہے اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے شراکت داری، اخوت اور اتحاد کی اقدار کو مضبوط بنانے میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔
ترجمان دفترخارجہ طاہر اندرابی نے میڈیا کے یمن کی صورت حال سے متعلق سوال پر کہا کہ پاکستان یمن کے بحران کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے پرامن راستہ اختیار کرنے کی حمایت کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے شراکت داری، اخوت اور اتحاد کی اقدار کو مضبوط بنانے میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان یمن کی خودمختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کے اصولوں پر مکمل یقین رکھتا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان اس بات کا خواہاں ہے کہ مملکت سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے کیے گئے مثبت اقدامات یمن میں امن کے قیام اور مسئلے کے پرامن حل میں معاون ثابت ہوں۔
دفترخارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کی جانب سے یمن کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے دانش مندی اور دوراندیشی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ برادر ممالک کی کاوشیں خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہیں، پاکستان خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے شراکت داری، اخوت اور اتحاد کی اقدار کو مضبوط بنانے میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔