کورنگی انڈسٹریل ایریا میں امن و امان کے قیام کیلیے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل
فوٹو: فائل
کراچی پولیس چیف آزاد خان نے کورنگی صنعتی ایریا میں امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے کیلیے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دے دی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی پولیس چیف آزاد خان نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کی شکایات کے ازالے اور کورنگی انڈسٹریل ایریا میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دیدی جس کا حکمنامہ بھی جاری کر دیا گیا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ٹاسک فورس کی سربراہی ڈی آئی جی ایسٹ زون ڈاکٹر فرخ علی کریں گے جبکہ ایس ایس پی ڈسٹرکٹ کورنگی فدا حسین جانوری، ایس ایس پی ایس آئی یوسی آئی اے ڈاکٹر محمد عمران خان، ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ملیر ڈاکٹر عبد الخالق اور ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ایسٹ زبیر نذیر شیخ ٹاسک فورس کے ارکان ہوں گے۔
ٹاسک فورس کورنگی ٹریڈ اینڈ انڈسٹری زون میں قانون و امن کی صورتحال کا جائزہ لیکر تاجروں کو درپیش مسائل اور شکایات کو سنے گی اور ان کے فوری حل کو بھی یقینی بنایا جائیگا۔
اعلامیے کے مطابق ٹاسک فورس کے قیام کا مقصد تاجروں، صنعتی انتظامیہ اور ملازمین کی جان و مال کا تحفظ ، پرامن ماحول کا قیام اور صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے تسلسل کو برقرار رکھنا ہے۔
حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ ٹاسک فورس بطور رابطہ اور نگرانی کام کرے گی جبکہ چیئرمین ٹاسک فورس کو کراچی رینج اور آئی جی سندھ کی منظوری سے دیگر پولیس یونٹس کے افسران کو بھی شامل کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔