سانحہ 9مئی،عمران خان کیخلاف11مقدمات کی آج سماعت
(فوٹو: فائل)
بانی چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف سانحہ 9مئی کے11مقدمات کی سماعت آج ہفتہ 3جنوری کو ہوگی،تمام کیسوں میں چالان کی نقول تقسیم کی جائیں گی،چالان نقول کی وصولی کے لئے ملزم کے وکیل کو طلب کیا گیا ہے،جیل ٹرائل،ویڈیو لنک سماعت نہیں ہوگی۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید پیش ہوںگے،عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی جیل روبکار پر حاضری لگائی جائے گی۔ان 11کیسوں میں جی ایچ کیو حملہ کیس،آرمی میوزیم پر حملہ،صدر میں سرکاری بلڈنگ جلانے،مری روڈ پر میٹرو سٹیشن جلانے،حساس ادارہ کے دفترمیں توڑ پھوڑ کے کیس شامل ہیں۔
شیریں مزاری،شبلی فراز،عمر ایوب وغیرہ سمیت30ملزمان میں چالان کی نقول ابھی تقسیم نہیں ہوئیں۔سماعت راولپنڈی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں ہوگی۔دوسری جانب انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد شاہ نے علیمہ خان کے خلاف تھانہ صادق آباد احتجاج کیس کی سماعت بغیر کارروائی5جنوری تک ملتوی کر دی،علیمہ خان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظورکر لی گئی۔
غیر حاضر3ملزمان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے، عدالت نے حکم دیا تینوں ملزمان کوگرفتار کر کے پیش کیا جائے۔