پاکستان میں ڈیجیٹل کنیکٹیوٹی اور انٹرنیٹ کے استعمال میں نمایاں اضافہ

ہاؤس ہولڈ انٹیگریٹڈ اکنامک سروے 2024–25 کی اشاعت پر پی بی ایس کو مبارکباد پیش کی جاتی ہے، پی ٹی اے

پاکستان بیورو آف شماریات کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں ڈیجیٹل کنیکٹیوٹی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پاکستان بیورو آف شماریات (پی بی ایس) کی جانب سے جاری کردہ ہاؤس ہولڈ انٹیگریٹڈ اکنامک سروے 2024–25 کے تحت انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی سے متعلق مثبت نتائج کا خیرمقدم کیا ہے جس سے ملک بھر میں ڈیجیٹل کنیکٹیوٹی میں نمایاں توسیع ظاہر ہوتی ہے۔

سروے کے مطابق پاکستان میں 96 فیصد سے زائد گھرانوں کو موبائل یا اسمارٹ فون سہولیات تک رسائی ہے جبکہ ان میں سے 70 فیصد سے زائد گھرانے انٹرنیٹ خدمات سے مستفید ہو رہے ہیں جو 2019 میں محض 34 فیصد تھے۔

صوبہ خیبر پختونخوا گھریلو سطح پر 77 فیصد ڈیجیٹل رسائی کے ساتھ سب سے آگے ہے جو ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔

یہ کامیابی حکومتِ پاکستان اور ریگولیٹر کے لیے باعثِ فخر ہے جس سے گھروں تک بہتر رسائی، سروسز کی دستیابی اور موبائل ہینڈ سیٹس و انٹرنیٹ سہولیات کی استطاعت میں بہتری کے لیے جاری کاوشیں ظاہر ہوتی ہیں۔

سروے میں ڈیجیٹل شعور میں اضافے، آن لائن دنیا میں محفوظ طرزِ استعمال، اور عوام کی ڈیجیٹل صلاحیتوں میں نمایاں بہتری واضح طور پر سامنے آئی ہے۔

Load Next Story