بابر کی سست رفتار بیٹنگ سے ساتھی بلے باز پر دباؤ بڑھ جاتا ہے، گلکرسٹ
آسٹریلیا کے جارح مزاج وکٹ کیپر بلے باز ایڈم گلکرسٹ نے پاکستانی اسٹار بلے باز بابر اعظم کی سست بیٹنگ کو ساتھی بلے باز کے لیے دباؤ کا باعث قرار دے دیا۔
آسٹریلیا میں جاری بگ بیش لیگ میں کمنٹری کے دوران ایڈم گلکرسٹ نے بابر اعظم سے متعلق کہا کہ وہ پاور ہٹنگ کے لیے مشہور نہیں ہیں۔
ایڈم گلکرسٹ نے کہا کہ بابر کی اصل پہچان ان کی ٹائمنگ، کلاس اور تکنیکی مہارت ہے، نہ کہ لمبے چھکے لگانا۔ یہی وجہ ہے کہ ان سے یہ توقع نہیں کی جا سکتی کہ وہ ہر گیند پر زبردستی باؤنڈری لگانے کی کوشش کریں۔
ان کے مطابق بابر اعظم کو محدود اوورز کی کرکٹ میں زیادہ پروایکٹو ہونا ہوگا۔ ایک گیند پر ایک رن کے تناسب سے رنز بنانا اور ساری ذمہ داری دوسرے بیٹر پر ڈال دینا ٹیم کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔
گلکرسٹ نے کہا کہ بابر کو چاہیے کہ وہ حالات کے مطابق کھیل کو آگے بڑھائیں، اسٹرائیک روٹیٹ کریں اور موقع ملنے پر گیپس میں شاٹس کھیل کر دباؤ کم کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر بابر اپنی فطری بیٹنگ کے ساتھ تھوڑی جارحیت شامل کر لیں تو وہ ٹیم کے لیے مزید مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں۔