لکی مروت اور بنوں میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ، 4 پولیس اہلکار شہید
لکی مروت میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی ٹریفک پولیس اہلکاروں پر فائرنگ سے تین اہلکار شہید ہوگئے۔
ٹریفک پولیس اہلکار ڈیوٹی پر موجود تھے کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔
شہید اہلکاروں میں انچارج ٹریفک پولیس نورنگ جلال خان، پولیس کانسٹیبل عزیز اللہ اور پولیس کانسٹیبل عبداللہ شامل ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، شہید اہلکاروں کو نورنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
دوسری جانب، بنوں کے تھانہ منڈان کی حدود کفشی خیل میں پولیس اہلکار رشید خان موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے شہید ہوگیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق بنوں ریجن میں چار گھنٹوں کے دوران چار پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
لکی مروت میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ٹریفک پولیس انچارج سمیت تین پولیس اہلکاروں کی شہادت پر وزیر اعلیٰ نے شدید مذمت کی ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، شہید پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، بزدلانہ حملوں سے ملک دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اہلکار فرنٹ لائن پر قربانیاں دے رہے ہیں، ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، صوبائی حکومت پولیس فورس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے پولیس شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں کی درجات بلندی کے لیے خصوصی دعا کی۔