کراچی؛ 2026 میں ڈکیتی مزاحمت پر قتل کا دوسرا واقعہ، 18 سالہ نوجوان جاں بحق

فائرنگ کا واقعہ نیو کراچی سیکٹر 5 ایل رضوان مسجد کے قریب پیش آیا، پولیس

(فوٹو: فائل)

کراچی:

شہر میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں شہریوں کی جان و مال محفوظ نہیں اور نئے سال 2026 میں ڈکیتی مزاحمت پر قتل کا دوسرا واقعہ پیش آیا جہاں 18 سالہ نوجوان ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق نیو کراچی سیکٹر 5 ایل رضوان مسجد کے قریب فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا شاخسانہ نکلا۔

پولیس نے بتایا کہ نیو کراچی سیکٹر 5 ایل رضوان مسجد کے قریب ڈاکوؤں نے مزاحمت پر نوجوان کو فائرنگ کا نشانہ بنایا، جنہیں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 18 سالہ سعد جاوید کے نام سے ہوئی، جنہیں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر گولی مار کر قتل کیا۔

نیو کراچی میں پیش آنے والا واقعہ سال 2026 میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں ہونے والی دوسری موت ہے۔ 

دو روز قبل لانڈھی میں گیارھویں جماعت کی طالبہ کومل ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوئی تھی۔

گزشتہ برس (2025) ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کے ہاتھوں 86 افراد قتل ہوئے تھے۔

Load Next Story