سوات:
خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں ٹریفک وارڈن پر تشدد کے واقعے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن صوبائی اسمبلی کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کرلی گئی۔
سوات پولیس کے مطابق سوات میں بشام چوک خوازہ خیلہ میں ٹریفک جام کے دوران پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی علی شاہ خان آپے سے باہر ہو گئے اور ڈیوٹی پر موجود ٹریفک وارڈن عزت علی پر تشدد کیا۔
انہوں نے بتایا کہ راہگیروں نے رکن صوبائی اسمبلی کی جانب سے وارڈن پر کی گئی مار پیٹ اور دھکے دینے کی ویڈیو بنا لی۔
پولیس نے بتایا کہ ٹریفک وارڈن عزت علی پولیس اسٹیشن خوازہ خیلہ ضلع سوات میں تعینات ہیں اور واقعے کے بعد علی شاہ خان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔
ایف آئی آر کے متن میں بتایا گیا ہے کہ علی شاہ خان نے تھپڑے مارے اور دھکے بھی دیے اور محکمہ پولیس کے خلاف انتہائی نازیبا الفاظ بھی استعمال کرتے ہوئے گالم گلوچ کی۔
ٹریفک وارڈن نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی نے سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔