تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کا اسلام آباد سے لاہور جی ٹی روڈ مشن پلان تیار
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے جی ٹی روڈ مشن کے تحت اسلام آباد سے لاہور عوامی رابطہ مہم کا پلان تیار کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تحریک تحفظ آئین پاکستان اسلام آباد سے لاہور براستہ جی ٹی روڈ روانہ ہو گی، جہاں مختلف مقامات پر قافلے کو استقبالیہ دیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ٹی اے پی کو جی ٹی روڈ پر 4 مقامات پر استقبالیہ دیا جائے گا، جن میں گجرات، گجرانوالہ، شاہدرہ اور لاہور میں داخلے کے موقع پر استقبالیے شامل ہیں۔
عوامی رابطہ مہم کے دوران تحریک تحفظ آئین پاکستان پنجاب اسمبلی کا دورہ بھی کرے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان مینارِ پاکستان اور داتا دربار کے مزار پر حاضری کے لیے بھی جائے گی۔ اس کے علاوہ تحریک 3 روز لاہور میں قیام کرے گی اور اس دوران رہنماؤں کی جانب سے مختلف تقریبات سے خطاب کیا جائے گا۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان آج ہونے والے اجلاس میں اس عوامی رابطہ مہم کی حتمی تاریخ کا اعلان کرے گی۔
واضح رہے کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان نے قومی مذاکراتی کمیٹی کی قومی کانفرنس میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔ قومی مذاکراتی کمیٹی نے اپنی مجوزہ قومی کانفرنس کے انعقاد کے حوالے سے تحریک تحفظ آئین پاکستان سے رابطہ کیا تھا اور کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی تھی، تاہم تحریک تحفظ آئین پاکستان نے قومی مذاکراتی کمیٹی کی کانفرنس میں شرکت سے انکار کر دیا۔