سہیل آفریدی کی پنجاب اسمبلی آمد پر ہلڑ بازی؛ ویڈیو شواہد کے ساتھ انکوائری رپورٹ تیار
وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کی پنجاب اسمبلی آمد پر ہلڑ بازی کے بعد ویڈیو شواہد کے ساتھ انکوائری رپورٹ تیار کرلی گئی۔
اسمبلی ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی آمد کے موقع پر ہونے والی ہلڑ بازی کے معاملے پر اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی جانب سے بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ آئی جی پنجاب کو ارسال کر دی گئی ہے۔ رپورٹ میں واقعے سے متعلق ویڈیو شواہد شامل کیے جانے کے ساتھ قانونی کارروائی کی استدعا بھی کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق انکوائری رپورٹ میں ہلڑ بازی میں ملوث اشخاص کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی تجویز دی گئی ہے جب کہ معاملے کی مزید تفتیش کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد لینے کی سفارش بھی شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی آمد پر اپوزیشن کی جانب سے ساتھ آنے والے مہمانوں کی فہرست صرف ناموں پر مشتمل دی گئی۔ ناکافی لسٹ کے باعث شناخت کے عمل میں مشکلات پیش آئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مطیع اللہ برقی نامی شخص نے جھوٹ بول کر پنجاب اسمبلی میں داخلے کی کوشش کی اور خود کو خیبرپختونخوا کے حلقہ پی کے 89 سے ایم پی اے اشفاق ظاہر کیا۔ صوبائی وزیر خیبرپختونخوا مینا خان نے اس بات کی تصدیق کی کہ مطیع اللہ برقی ایم پی اے اشفاق نہیں ہیں۔
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق مطیع اللہ برقی کو اسمبلی سے باہر جانے کا کہا گیا تو انہوں نے اسمبلی سیکیورٹی کے ساتھ ہاتھا پائی کی اور گالم گلوچ کی۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اپوزیشن نے لسٹ حوالے کرتے وقت یقین دہانی کروائی تھی کہ شناخت کے لیے 2 پی ٹی آئی ارکان مین گیٹ پر موجود رہیں گے، تاہم ایسا نہ ہو سکا۔
رپورٹ کے مطابق اپوزیشن ارکان کی جانب سے دی گئی فہرست میں شناختی کارڈ نمبرز، تصاویر اور گاڑیوں کے نمبرز شامل نہیں تھے، جس کے باعث شناخت میں مزید مشکلات پیدا ہوئیں۔ اسمبلی سیکیورٹی نے تمام افراد سے تحمل کے ساتھ شناخت کی درخواست کی، تاہم قافلے کی جانب سے گالم گلوچ اور دھکم پیل کی گئی۔
تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے دی گئی فہرست میں سزا یافتہ حیدر مجید کا نام بھی شامل تھا۔ اسمبلی سیکرٹریٹ نے موقع پر موجود اسمبلی سیکیورٹی اہلکاروں کے بیانات بھی قلم بند کر کے رپورٹ کا حصہ بنا دیے ہیں۔