سنگین و دہشتگردی کیسز میں پولیس تفتیشی ٹیمیں چالان پیش کرنے میں مکمل ناکام
سنگین اور دہشت گردی کے مقدمات میں پولیس تفتیشی ٹیمیں چالان پیش کرنے میں مکمل ناکام ہو گئیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے سنگین مقدمات کے چالان پیش کرنے میں تاخیر کے معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی، ڈی آئی جی کو شوکاز نوٹس جاری کردیے۔
عدالت نے سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی خالد ہمدانی کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیا۔ علاوہ ازیں ڈی پی او اٹک ،ڈی پی او مری اور چکوال کو بھی شوکاز نوٹس کیے گئے۔عدالت نے نوٹسز کے ذریعے افسران کو عدالت طلب کرتے ہوئے سوال کیا کہ چالان بروقت کیوں پیش نہیں کیے جاتے؟۔ تمام افسران کو 10 جنوری کو صبح 9 بجے عدالت پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے کہا کہ راولپنڈی پولیس سنگین مقدمات کے مکمل چالان پیش کرنے میں مکمل ناکام رہی ہے۔ چالان پیش نہ ہونے سے سنگین دہشت گردی مقدمات کی سماعت لٹک گئی ہے۔ پولیس تفتیشی ٹیمیں 14 روز میں چالان عدالت میں پیش کرنے کی پابند ہیں۔