لکی مروت دھماکا؛ بس پر آئی ای ڈی نصب کرنے والا دہشتگرد مقابلے میں مارا گیا
فوٹو: فائل
لکی مروت میں بس کو آئی ای ڈی نصب کرکے دھماکے سے تباہ کرنے والا دہشت گرد مقابلے میں مارا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق لکی مروت میں فیکٹری جانے والی بس پر آئی ای ڈی حملے کے فوراً بعد پولیس کا دہشت گردوں کے ساتھ مقابلہ ہوا۔ اس آپریشن میں ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان خود موقع پر موجود رہے، جن کی قیادت میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کیا گیا۔
مقابلے کے دوران پولیس کی مؤثر کارروائی سے بس پر آئی ای ڈی نصب کرنے والا دہشت گرد مارا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
واضح رہے کہ لکی مروت میں سیمنٹ فیکٹری کی گاڑی کو دہشت گردوں نے بارود سے اڑا دیا، جس میں ایک شخص جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں 2 خواتین بھی شامل تھیں۔
بیگوخیل سڑک پر ناورخیل موڑ کے قریب آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔